سیاست کریں لیکن ملک کی ترقی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایک رہیں: وزیراعظم
پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاست کریں لیکن ملک کی ترقی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایک رہیں۔
چترال میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ چترال کے خوبصورت علاقے میں حاضر ہوا ہوں، خیبرپختونخوا کے عوام بہادر اور غیور ہیں، انہوں نے پاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں، چترال والوں کی حب الوطنی مثالی ہے، آپ نے پاکستان کی ترقی کیلئے عظیم کاوشیں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چترال کے عوام بہت مہذب اور پُرامن لوگ ہیں، چترال آکر بہت خوشی ہوئی، نوازشریف پورے ملک کی ترقی میں ہمیشہ مصروف رہتے تھے، نوازشریف کی کے پی کے ترقیاتی منصوبوں میں بہت دلچسپی ہوتی تھی، چترال کے عوام کیلئے خاص تحفہ لے کر آیا ہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ دانش اسکول منصوبہ آپ کا حق ہے، یہ احسان نہیں، عام آدمی کے بچے اس دانش اسکول میں جائیں گے ، تعلیمی معیار بہترین ہوگا، دانش اسکول میں تعلیم بالکل مفت ہوگی، وفاق آپ کے ساتھ بھر پور تعاون کرےگا، نوجوان بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوا کر اثاثہ بنوائیں گے اورچترال کے بچوں اور بچیوں کو بھی لیپ ٹاپس دیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مئی میں بھارت سے جنگ جیتی، بھارت کو چار دن کی جنگ میں شکست فاش دی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ہمت و جرات کو سلام پیش کرتا ہوں، ان کی قیادت میں پاک فوج نے بہادری کی داستان لکھ دی، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے شاہینوں نے بھارتی طیارے گرا دیے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کرائی جس پر تاریخ انہیں سنہرے حرفوں میں یاد رکھے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ سیاست کریں لیکن ملک کی ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک رہیں، سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ کے پی منتخب ہونے پر فون کرکے مبارکباد دی اور تعاون کی پیش کش کی، امید ہے کہ وہ میری پیش کش کو قبول کریں گے، ہمیں امن و اتحاد کاثبوت دینا چاہیے۔
وزیراعظم نے چترال میں اسپتال بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جاتے ہی چترال میں گیس پلانٹ کے آرڈر جاری کروں گا اور چترا ل میں فی الفور گیس پلانٹ لگایا جائےگا۔
![]()

