راولپنڈی : پاکستان نے 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
سری لنکا پاکستان کے 300 رنز کے ہدف کے جواب میں 293 رنز بنا سکا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز اسکور کیے۔ سلمان آغا نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پاکستان کی اننگز
قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر فخر زمان اور صائم ایوب نے کیا تاہم چوتھے اوور کی پہلی گیند پر صائم ایوب 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
جس کے بعد 18 ویں اوور میں فخر زمان بھی 55 گیندوں پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔گرین شرٹس کی تیسری وکٹ 76 رنز پر گری۔ محمد رضوان 5 رنز بناکر پویلین لوٹ ہوگئے جبکہ بابر اعظم بھی 29 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔
ایسے میں حسین طلعت اور سلمان علی آغا نے شاندار شراکت داری قائم کی اور ٹیم کا اسکور 233 رنز تک پہنچایا۔ پھر حسین طلعت 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
دوسری جانب سلمان علی آغا ڈٹے رہے اور شاندار سنچری اسکور کی۔انہوں نے 87 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ اختتامی اوورز میں محمد نواز بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 299 رنز اسکور کیے۔ سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارانگا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی اننگز
پاکستان کے 300 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کےنقصان پر 293 رنز بناسکی۔
سری لنکا کی جانب سے ہسا رنگا 59 اور سمارا وکرما 39 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث روف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔نسیم شاہ اور فہیم اشرف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یوں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 6 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 3 میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کرلی۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز آج سے 15 نومبر تک راولپنڈی میں کھیلی جائے گی جس کے بعد ٹرائی نیشن سیریز 17 سے 29 نومبر تک ہوگی۔
ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
![]()
