Daily Roshni News

شلجم 23 روپے کلو…!

شلجم 23 روپے کلو…!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل)اگر آپ ذرا سی ہمت کر کے شہر کی بڑی سبزی منڈی چلے جائیں نا، تو وہاں آپ کو شلجم تقریباً تئیس روپے کلو بھی مل جائے گا۔ یہ کل کی تازہ خبر ہے اسلام آباد سبزی منڈی کی، اور یہی حال لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، پشاور—سب جگہ ایک جیسے ریٹ ہیں۔ یقین نہ آئے تو جا کر دیکھ لیں۔ گھر کے پاس والے دکاندار تو شاید ابھی سو روپے کلو بیچ رہے ہوں، لیکن منڈی میں جا کر ایک ہی بار بوری بھر کے لے آئیں، تو قیمت ایک چوتھائی رہ جاتی ہے۔ اتنی سستی سبزی اس وقت پورے ملک میں کوئی نہیں۔ لیکن بات یہ ہے کہ یہ سستی صرف قیمت میں ہے، غذائیت میں نہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ یہ سبزی انار، سیب، انگور، حتیٰ کہ کئی قیمتی پھلوں سے زیادہ طاقتور، مفید اور شفا بخش ہے۔ قدرت نے شلجم کے اندر وہ خزانے رکھ دیے ہیں جن کی قیمت کوئی نہیں لگا سکتا۔

تحقیق کے مطابق شلجم میں وٹامن C، وٹامن K،

وٹامن A، وٹامن E، فولک ایسڈ، آئرن، کیلشیم، پوٹاشیم، میگنیشیم، زنک، فاسفورس، فائبر، اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈز پائے جاتے ہیں۔ سائنسی مطالعے بتاتے ہیں کہ شلجم بچوں کے لیے قوتِ مدافعت بڑھانے، دماغی نشوونما میں مدد دینے، توانائی فراہم کرنے اور معدہ کی صحت کے لیے بہترین ہے۔ نوجوان مردوں کے لیے لاجواب ہے ، پٹھوں کی نشوونما کرتی ہے ، اور بلڈ پریشر متوازن رکھنے میں مددگار ہے۔ بزرگ افراد کے لیے جوڑوں کے درد اور سوزش کم کرنے، ہاضمے کو بہتر بنانے، کولیسٹرول قابو میں رکھنے اور دل کی شریانوں کو صحت مند رکھنے میں اور شوگر کے مریضوں کے لیے قدرتی مددگار ہے ، وزن کنٹرول، جِلد کی صحت، اور جسم سے زہریلے مادے خارج کرنے میں معاون ہے۔ امریکہ اور جاپان میں شائع ہونے والی غذائی تحقیق کے مطابق شلجم میں موجود سلفورافین نامی عنصر کینسر کے خلیوں کی افزائش روکنے میں مؤثر ثابت ہوا ہے۔

اب آتے ہیں اصل بات پر۔ شلجم صرف سالن نہیں،

یہ تو پورا ایک خزانہ ہے جس سے کم از کم پچیس طرح کی چیزیں بنائی جا سکتی ہیں۔ سب سے پہلے تو شلجم کی بھجیا بنتی ہے، جو ذائقے میں لاجواب ہوتی ہے۔ پھر اسے گوشت کے سالن میں ملائیں، تو سالن کا مزہ بڑھ جاتا ہے۔ دال کے ساتھ شامل کریں تو دال خود خوشبودار بن جاتی ہے۔ پراٹھے بنائیں، سردیوں کی صبح میں چائے کے ساتھ کمال لگتے ہیں۔ اچار بنائیں، سب سے بہترین طریقہ ہے اسے محفوظ کرنے کا۔ چٹنی بنائیں، پودینہ اور ہری مرچ کے ساتھ۔ سلاد بنائیں، ہلکا سا اُبال کر لیموں، کالی مرچ اور نمک ڈالیں۔ شلجم کا سوپ بچوں اور بزرگوں دونوں کے لیے توانائی کا خزانہ ہے۔ شلجم کا جوس بنائیں، جسم کو ڈی ٹاکس کرے گا۔ شلجم کے کٹلس، شلجم کا حلوہ، شلجم کی ٹکیاں، شلجم کا مربہ، شلجم کا ساگ، شلجم کے پکوڑے، شلجم کے بھنے ٹکڑے، شلجم دہی کے ساتھ، شلجم چاول، شلجم کے خشک چپس، شلجم کے شوربے، شلجم کے رول، شلجم کا برگر پیٹی، اور حیرت کی بات یہ کہ دنیا بھر میں لوگ اس کی آئس کریم تک بناتے ہیں۔ اور چاہیں تو اسے سُکھا کر  سال بھر رکھ سکتے ہیں۔

گوگل پر سرچ کریں “ recipes of turnip” تو آپ

حیران رہ جائیں گے کہ شلجم سے کتنی زبردست،رنگ برنگی، مزیدار اور صحت بخش تراکیب بنائی جا سکتی ہیں۔ اب بس تھوڑی ہمت کریں، مہنگائی کا رونا چھوڑیں، اور بڑی سبزی منڈی کی طرف نکلیں۔ گھر کے قریب والا دکاندار تو ابھی بھی شاید سو روپے کلو بیچ رہا ہو، لیکن منڈی میں جا کر ایک ہی بار بوری بھر کے لے آئیں۔ اچار بنائیں، سرکے میں ڈال کر رکھیں، ان شاءاللہ سال بھر تک سلامت رہے گا۔ یہ وہ وقت ہے جب آپ اپنی صحت، جیب اور ذائقے تینوں کو ایک ساتھ خوش کر سکتے ہیں۔ بس شرط یہ ہے کہ پہلا قدم اٹھائیں — اور وہ قدم سبزی منڈی کی طرف ہو۔

اللہ ، آپ کو آسانیاں عطا فرمائے

جاوید اختر آرائیں

نومبر 2025

#جاوید_اختر_آرائیں

Loading