Daily Roshni News

پارلیمنٹ کے اجلاس میں دلچسپ صورتحال،کامران مرتضیٰ کی نشست پرانکی اہلیہ بیٹھ گئیں، شوہرکو نشست دینے سے منع کردیا

اسلام آباد:  پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اس وقت دلچسپ صورتحال  پیدا ہوگئی جب  جے  یو آئی کے  سینیٹر کامران مرتضیٰ کی نشست پر ان کی اہلیہ رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران  بیٹھ گئیں  اور   اپنے  شوہر کو  نشست  دینے سے منع کردیا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران جب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے  جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کا مائیک آن کرنے کو کہا تو  پتہ چلا وہ اپنی مقررہ نشست پر موجود نہیں بلکہ ان کی جگہ ان کی اہلیہ عالیہ کامران بیٹھی ہوئی ہیں۔

اسپیکر نے کہا کہ وہ اپنی سیٹ ان کو نہیں دے رہی ہیں،  اس دوران مائیک پر عالیہ کامران کی آواز بھی  آئی، انہوں نے کہا کہ سر میں بیٹھی ہوئی ہوں۔

اس پر اسپیکر ایاز صادق نے جے یو آئی کے سربراہ  مولانا فضل الرحمان سے مدد مانگ لی۔

 ایاز صادق نے ازراہ تفنن کہا کہ مولانا صاحب یہ ایک بڑا شرعی مسئلہ ہوگیا ہے، اس پر بتائیں، اس پر ایوان میں مزید بحث ہوگی۔ اس دوران عالیہ کامران نشست سے اٹھنے لگیں تو اسپیکر نے ان سے کہا کہ آپ بیٹھے رہیں، اسپیکر نےکامران مرتضیٰ کی نشست کا مائیک کھولنے کا حکم دے دیا۔

 اس موقع پر کامران مرتضیٰ بھی چپ نہ رہے اور انہوں نے اسپیکر سے کہا کہ سر دیکھ لیں، مشترکہ اجلاس میں میری حالت کا اندازہ لگالیں۔ کامران مرتضیٰ کے شکوے پر ایوان میں قہقے لگ گئے۔

Loading