Daily Roshni News

غزہ میں تباہ شدہ عمارتوں کے درمیان اجتماعی شادی کی تقریب نے خوشی کے رنگ بکھیر دیے

غزہ  میں تباہ شدہ عمارتوں کے درمیان اجتماعی شادی کی تقریب نےخوشی کے رنگ بکھیر دیے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں منگل کو 54 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں 21 ہزارسے زائد افراد نے شرکت کی۔

یہ تقریب متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ انسانی فلاحی تنظیم “الفارس الشہم تھری” کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جس نے نوبیاہتا جوڑوں کو مالی امداد اور گھریلو سامان بھی فراہم کیا۔

اس موقع پر غم اور امید کے ملے جلے مناظردکھائی دیے، درجنوں فلسطینی جوڑوں نے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔

تقریب میں فلسطینی روایتی دبکہ رقص، لوک گیت اور موسیقی نے رنگ بھر دیے۔

شادی کی تقریب کے لیے خاص طور پر ایک اسٹیج “Thawb al-Farah” (خوشی کا لباس) تیار کیا گیا، جو تباہی کے باوجود زندگی کی تلاش اور فلسطینیوں کی ثابت قدمی کی علامت تھا۔

شادی کے بندھن میں بندھنے والی ایک 27 سالہ فلسطینی لڑکی نے کہا کہ یہاں جو کچھ بھی ہو چکا ہے، اس کے باوجود ہم ایک نئی زندگی کا آغاز کریں گے، ان شاء اللہ، یہ جنگ کے خاتمے کا سبب بنے گا۔

منتظمین کے مطابق اجتماعی شادی کیلئے جوڑوں کا انتخاب ایک قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا جس میں تقریباً 2 ہزار 651  درخواست گزار شامل تھے۔

اماراتی مشن برائےغزہ علی الشحی نے کہا کہ یہ غزہ کے فلسطینیوں کیلئے امید اور حوصلے کا پیغام ہے۔

Loading