ہالینڈ، پاکستان فیسٹیول جنوری 2026 کے پروگرام کو
میلہ کمیٹی کی مشاورت سے حتمی شکل دے دی گئی ،
روشنی نیوز ایم ڈی میاں عاصم کی مدیر اعلیٰ جاوید عظیمی سے
بذریعہ ٹیلی فون تفصیلی گفتگو — !!
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل -۔۔۔نمائندہ خصوصی) پاکستانی کمیونٹی کے سماجی رہنما، متحرک تاجر پاکستان میلہ کمیٹی کے رکن اور آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل کے مینجنگ ڈائریکٹر میاں عاصم محمود نے گزشتہ روز بروز جمعرات چار دسمبر کو بذریعہ ٹیلی فون روشنی نیوز کے مدیر اعلی محمد جاوید،عظیمی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان فیسٹیول 25 جنوری 2026 کو منعقد ہو گا۔ گزشتہ دنوں اس سلسلے میں چئیر مین میلہ کمیٹی جمیل احمد کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا ، جس میں مشاورت کے ساتھ پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ میاں عاصم نے پاکستانی میلہ پر مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے انتظامات اطمینان بخش ہیں۔ اس میلے کی رونق کو دوبالا کرنے کے لئے نامور گلوگار ابرار الحق اور گلو کارہ عینی خالد خصوصی طور پر پاکستان سے تشریف لا رہے ہیں ۔ گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مذکورہ میلے میں خواتین و حضرات
اور بچوں کے لئے مختلف سرگرمیوں کا خصوصی انتظام و انصرام کیا گیا ہے۔ ملبوسات اور لذت کام و دہن کے سلسلے میں مختلف انواع و اقسام کے کھانوں کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے ۔ میاں عاصم نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا انشااللہ ہالینڈ میں مقیم پاکستانیوں کو اچھے ماحول میں بہترین تفریح کا موقف فراہم کیا جائے گا۔ گفتگو کے اختتام پر جاوید عظیمی نے پاکستان فیسٹیول سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے پر میاں عاصم محمود کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔ فیسٹیول سے متعلق مزید معلومات کے لئے خبر کے نیچے شائع شدہ پوسٹر کا مطالعہ کریں ۔

![]()

