Daily Roshni News

جسمانی توانائی میں اضافے اور ہاضمہ بہتر بنانے کیلئے شہد کھانے کا بہترین وقت کونسا ہے؟

شہد کو صحت کے لیے بہت زیادہ مفید قرار دیا جاتا ہے۔

شہد میں شکر، پروٹین، نامیاتی ایسڈز اور دیگر مرکبات کا ایسا پیچیدہ امتزاج ہوتا ہے جو صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

درحقیقت روزانہ ایک چمچ شہد کا استعمال بھی صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

مگر جسمانی توانائی میں اضافے، ہاضمہ بہتر بنانے اور مدافعتی نظام مضبوط بنانے کے لیے شہد کھانے کا بہترین وقت کونسا ہوتا ہے؟

جسمانی توانائی کے لیے

جسمانی توانائی کو قدرتی طور پر بڑھانے کے لیے شہد بہترین ہوتا ہے کیونکہ یہ کاربوہائیڈریٹس اور قدرتی شکر کے امتزاج پر مبنی ہوتا ہے۔

اس میں موجود مٹھاس جسم میں آسانی سے ہضم ہو جاتی ہے جس سے توانائی میں فوری اضافہ ہوتا ہے۔

اس مقصد کے لیے شہد کے استعمال کے بہترین وقت کا انحصار آپ کی صحت اور مقاصد پر ہوتا ہے۔

صبح کے وقت ناشتے سے قبل یا بعد میں شہد کے استعمال سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے جو کافی دیر تک برقرار رہتا ہے جبکہ دوپہر میں میٹھا کھانے کی خواہش بھی نہیں ہوتی۔

اسی طرح ورزش کرنے یا جسمانی مشقت سے قبل بھی اسے کھانے سے جسمانی توانائی میں فوری اضافہ ہوتا ہے جو کافی دیر تک برقرار رہتا ہے۔

ہاضمے کے لیے

شہد پری بائیوٹیکس سے بھرپور ہوتا ہے جو معدے میں موجود بیکٹیریا کی نشوونما میں مدد فراہم کرنے والا جز ہے۔

یہ بیکٹیریا نظام ہاضمہ اور مدافعتی نظام کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔

شہد میں موجود کاربوہائیڈریٹس اور قدرتی شکر سے معدے میں صحت کے لیے مفید بیکٹیریا کی نشوونما ہوتی ہے۔

شہد جراثیم کش بھی ہوتا ہے جو نظام ہاضمہ کو متاثر کرنے والے نقصان دہ بیکٹیریا کو ختم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اس مقصد کے لیے اسے کھانے کا بہترین وقت کا تعین مختلف چیزوں کو مدنظر رکھ کر کیا جاسکتا ہے۔

صبح کے وقت خالی پیٹ ایک چمچ شہد کے استعمال سے معدے میں موجود سیال کی سرگرمیاں متحرک ہوتی ہیں اور نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے۔

کھانے کے دوران یا اس کے فوری بعد شہد کھانے سے بھی ہاضمہ بہتر ہوتا ہے۔

دوپہر یا رات کے کھانے کے درمیان چائے یا ایسے ہی شہد کے استعمال سے بھی نظام ہاضمہ کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

مدافعتی نظام کے لیے

شہد کی اینٹی آکسائیڈنٹس اور ورم کش خصوصیات امراض کی روک تھام کرتی ہیں اور مدافعتی نظام کے افعال میں معاونت فراہم کرتی ہیں۔

اگر صبح کے وقت شہد کا استعمال کیا جائے تو اس سے مدافعتی نظام کو فائدہ ہوتا ہے اور دن بھر یہ فائدہ برقرار رہ سکتا ہے۔

بیماری کے دوران (کھانسی یا گلے میں خراش) شہد کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

سونے سے قبل بھی شہد کو گرم پانی میں ملا کر پینے سے نیند کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے اور اچھی نیند مدافعتی نظام کے لیے اہم ہوتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

Loading