سعودی عرب میں مسجد نبوی کے مؤذن شیخ فیصل نعمان 25 برس تک اذان دینے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد انتقال کر گئے۔
مسجد انتظامیہ کے مطابق شیخ فیصل نعمان کا انتقال 23 دسمبر کو ہوا، انہیں نمازِ فجر کے بعد مدینہ منورہ کے تاریخی جنت البقیع قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
شیخ فیصل نعمان کو سن 2001 میں مسجد نبوی کا مؤذن مقرر کیا گیا تھا۔ مسجد انتظامیہ کی جانب سے مؤدن کی آخری اذان کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔
سعوی میڈیا کے مطابق اذان دینا شیخ فیصل نعمان کے خاندان کی روایت رہا ہے۔ ان کے والد اور دادا دونوں مسجد نبوی میں مؤذن کے فرائض انجام دیتے رہے۔
شیخ فیصل نعمان کے والد کو صرف 14 سال کی عمر میں مؤذن مقرر کیا گیا تھا اور وہ 90 برس سے زائد عمر تک اس خدمت پر فائز رہے۔
شیخ فیصل نعمان، اپنے والد کے انتقال کے بعد اس منصب پر فائز ہوئے اور دہائیوں تک اس مقدس فریضے کو سر انجام دیا۔
مسجد حرام اور مسجد نبوی کے مذہبی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
شیخ السدیس نے مرحوم کے اہل خانہ اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے بلندی درجات اور مغفرت کی دعا کی۔
![]()
