خدا سو فیصد حقیقت ہے
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )جنوبی کوریا کے سائنسدان اور اے آئی ریسرچر ینگ ہون کم کا کہنا ہے کہ خدا سو فیصد حقیقت ہے اور اس بات کو تین آسان ریاضیاتی اصولوں سے سمجھا جا سکتا ہے۔
پہلا اصول:کوئی بھی لکیر نقطے کے بغیر شروع نہیں ہو سکتی۔
ان کے مطابق جیسے جیومیٹری میں ہر لکیر کا آغاز ایک نقطے سے ہوتا ہے، اسی طرح کائنات اور زندگی کے آغاز کے لیے بھی ایک ابتدا ضروری تھی، اور وہ ابتدا خدا ہے۔
دوسرا اصول:
لامحدود ماضی کو عبور نہیں کیا جا سکتا۔
ینگ ہون کم کہتے ہیں کہ اگر وقت کا کوئی آغاز نہ ہوتا اور وہ ہمیشہ پیچھے کی طرف جاتا رہتا، تو آج کا دن کبھی نہ آتا۔ جیسے ریاضی میں منفی لامحدود سے صفر تک پہنچنا ممکن نہیں اگر کوئی پہلا عدد موجود نہ ہو۔
تیسرا اصول:
طاقت کا کوئی نہ کوئی ذریعہ ضرور ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ریاضی میں ضرب (ملٹی پلائی) یہ بتاتی ہے کہ طاقت خود بخود پیدا نہیں ہوتی بلکہ اس کا کوئی منبع ہوتا ہے۔ اسی طرح کائنات کے وجود اور پھیلاؤ کے لیے ایک عظیم طاقت کا ہونا ضروری ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ان کی ایک پوسٹ بہت وائرل ہوئی، جس میں انہوں نے مختلف مذاہب سے متاثر اپنے مذہبی خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ دوبارہ دنیا میں تشریف لائیں گے، جو اسلام اور عیسائیت دونوں کا مشترکہ عقیدہ ہے۔
واضح رہے کہ 36 سالہ ینگ ہون کم کا آئی کیو 276 بتایا جاتا ہے، جو اب تک دنیا میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا آئی کیو ہے۔ عام طور پر 140 سے زیادہ آئی کیو رکھنے والے افراد کو جینیئس سمجھا جاتا ہے، جبکہ البرٹ آئن اسٹائن اور اسٹیفن ہاکنگ جیسے عظیم سائنسدانوں کا آئی کیو تقریباً 160 تھا۔
ینگ ہون کم نہ صرف اے آئی کے ماہر ہیں بلکہ مذہبی علوم میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں، اور انہوں نے سیول کی یونسی یونیورسٹی سے تھیالوجی (مذہبیات) کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے۔
![]()

