Daily Roshni News

اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات، امریکی نائب صدر کا غزہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار

امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سے ملاقات میں غزہ میں اموات پر شدید تشویش کا اظہارکردیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات کے موقع پر کملا ہیرس نے کہا کہ غزہ میں  جنگ بندی کرنے کا وقت آگیا ہے، وہ غزہ کے معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گی ۔

امریکی نائب صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے کیلئے اقدامات کریں اس سے فلسطینی سویلینز کی مشکلات میں آسانی پیدا ہوگی۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ انہوں نے غزہ میں انسانی بحران پر بات چیت کی ہے، اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن وہ کس طرح سے اپنا دفاع کرتا ہے اس بات سے فرق پڑتا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم سےملاقات کے دوران غزہ معاملے پر بات کرتے ہوئے امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے سخت لہجہ اختیار کیا جس سے تاثر گیا کہ اگر وہ منتخب ہو جاتی ہیں تو مستقبل میں نیتن یاہو سے مزید جارحانہ انداز میں پیش آ سکتی ہیں۔

تاہم کچھ مبصرین کا خیال ہے کہ صدر کی تبدیلی سے غزہ معاملے پر امریکی پالیسی میں کوئی زیادہ فرق نہیں آئے گا۔

Loading