Daily Roshni News

اپنا کیرئیرروشن بنائیے۔۔۔تحریر۔۔۔عباد الرحمنٰ۔۔۔قسط نمبر2

اپنا کیرئیرروشن بنائیے

تحریر۔۔۔عباد الرحمنٰ

قسط نمبر2

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔اپنا کیرئیرروشن بنائیے۔۔۔ تحریر۔۔۔عباد الرحمنٰ)لہذا کوئی بھی نیا کام کرنے کے لیے خود پر اعتمادہونا چاہیے۔ اپنے افسران سے بھی اعتماد کے ساتھ بات کریں۔ کئی باتیں ہم اپنے دلوں میں لے کر بیٹھے رہتے ہیں۔ خود سے نتیجہ مت اخذ کریں کہ آپ نے یہ کہا تو جواب میں آپ کو یہ کہا جائے گا۔ اگر آپ اپنے موقف پر درست ہیں تو جواب میں جو چیز کہی جائے گی اس کا جواب بھی آپ کے پاس ہو گا۔ اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ آپ کی دفتر میں ترقی نہیں ہو رہی یا آپ سمجھ رہے ہیں کہ آپ کے ساتھ فلاں جگہ زیادتی ہو رہی ہے تو آپ اس پر بات کریں۔ ایک مرتبہ کامیابی نہیں بھی ہوتی تو بھی اس کے نتائج بات نہ کرنے سے زیادہ اچھے بر آمد ہوں گے۔

اپنے کام کا معیار بڑھائیں

آپ جو بھی کام کیا جائے اس میں ہمیشہ بہتری کی گنجائش رہتی ہے لہذا یہ کوشش کی جائے کہ کام کے معیار میں اضافہ ہو۔ جتنا بہتر اور معیاری کام ہو گا، قدر و قیمت اسی اعتبار سے بڑھتی جائے گی۔ کاموں کی انجام دہی میں وقت بھی کم لگے گا۔ صرف تین دنوں میں روزانہ تیس منٹ کی مشق کر کے ایک عام آدمی جو ٹائپنگ سیکھ رہا ہو ٹائپنگ کی رفتار میں دگنا اضافہ کر سکتا ہے۔

یادرکھیے کہ استقامت ہمیشہ کامیابی دیتی ہے، اگر یکسوئی کے ساتھ کام کو کیا جائے تو ناکامی

نہیں ہوگی۔

خود احتسابی کےعمل سے گزریں

ہم جس سائنسی دور  میں زندہ ہیں وہاں ہر پل اور ہر لمحےتبدیلیاں ہو رہی ہیں۔ نئی سے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جارہی ہے، لوگ جس شعبے میں بھی کام کر رہے ہیں انہیں اس میں کئی چیزوں کا اضافہ بہت تیز رفتاری سے ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔ اس طرح کے حالات میں یہ بہت اہم ہے کہ سال میں کم از کم ایک مرتبہ اپنا احتساب کریں، کمزوریوں اور خوبیوں کا جائزہ لیں بلکہ یہ کہنا زیادہ بہتر ہو گا کہ اپنا ایک نیا وجود دریافت کریں۔ یعنی زندگی کی نئے سرے سے تعمیر کریں۔

سال میں کم از کم ایک مرتبہ اپنے کاموں کا جائزہ لینا چاہیے اور اس بات کا تعین کرنا ضروری ہے کہ جو کچھ ہم کر رہے ہیں، کیا اسے جاری رکھنا چاہیے ….؟ اس میں کوئی تبدیلی کرنا لازمی ہو گیا ہے یا پھر اسے چھوڑ کر کوئی نیا راستہ اختیار کرنا فائدے میں رہے گا۔

اپنی آمدنی اور اپنی صحت کا جائزہ لیں اور اس طرح دریافت ہونے والے حقائق کی روشنی میں اپنے سفر کا نئے سرے سے تعین کریں۔

کام بروقت کرنے کی عادت ڈالیں

اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں چیلنجز کا مقابلہ کرنا آجائے اور زندگی کے محاذ پر خود ہمیشہ آگے دیکھنے کے متمنی ہیں تو کام کو وقت پر مکمل کرنے کی کوشش کرنا چاہیے۔

موجودہ دور میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہت ضروری ہو گیا ہے کہ رفتار اتنی تیز ہو کہ مطلوبہ ہدف طے کردہ ڈیڈ لائن کے اندر حاصل ہو سکے۔ ایسے لوگ جو اپنا کام زیادہ تیز رفتاری سے کرتے ہیں، ان لوگوں کے مقابلے میں زیادہ قابل، ذہین اور اہل سمجھے جاتے ہیں جو کام میں سستی برتتے ہیں۔

آج کے دور میں ہر کوئی جلدی میں نظر آتا ہے،لوگوں کے پاس وقت کم سے کم ہو گیا ہے بلکہ کئی لوگوں کو تو یہ تک کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ ”کیا ہی اچھا ہوتا دن چومیں گھنٹے کا ہوتا۔“ انتظار کی کوفت سے لوگوں کی جان جاتی ہے یہاں تک کہ اگر انٹرنیٹ کی رفتار ست ہو جائے تو بھی لوگوں کو ذہنی اذیت محسوس ہوتی ہے۔

کام کے بارے میں متعارف ہونے والی نئی چیزیں اس شخص کے علم میں ہوں۔ کوئی نیا پروگرام، نیاور ژن، ہینڈل کرنا آنا چاہیے۔ کوشش ہونی چاہیے کہ ہم اپنی ذہنی استعداد اور رفتار بڑھاتے رہیں۔

بڑھائے جاتے ہیں۔

اپنے معمولات زندگی متوازن رکھیں

ہم سب کے کام کرنے کی وجہ یہ ہے کہ ہم اپنی ذاتی زندگی، اپنی صحت اور اپنے خاندان سے زیادہ سے زیادہ لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ مناسب مقدار میں پیسہ کمانا چاہتے ہیں۔ اپنے کیرئیر سے ہٹ کر ہم ان چیزوں سے ہم آہنگ ہونا چاہتے ہیں جو ہمیں بہت عزیز ہیں۔

گھوڑے کو گاڑی کے پیچھے مت لگائیں۔ کیرئیر سے ہٹ کر بھی ہماری زندگی ہمارے لیے بہت اہم ہوتی ہے۔ ایسے لوگوں کی کمی نہیں جن کا کہنا ہے کہ ہماری ستر فیصد کامیابیاں ہمارے تعلقات پر منحصر ہوتی ہیں اور محنت کا اس میں عمل دخل شاید تیس فیصد یا پھر اس سے بھی کم ہوتا ہے۔

ہمیں ہمیشہ ایک متوازن زندگی کی کوشش میں لگارہنا چاہیے۔اپنے بچوں اور خاندان کے لیے وقت نکالنا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنی تک و دو ہم اپنا کیرئیر بنانے کے لیے کرتے ہیں۔

کوشش کریں کہ آپ کی ہر شام اپنوں کے ساتھ گزرے، ایسا نہ ہو پا رہا ہو تو مناسب اندازے اس کی تلافی کریں۔

بہتر منصوبہ بندی زیادہ پیداوار

کوئی جتنا اچھا منصوبہ ساز ہو گا اسی مطابقت سے اس کی پیداواری صلاحیتیں بھی بڑھیں گی۔ کامیابیوں کے امکانات میں بھی اضافہ ہو گا۔ بہتر ہے کہ آپ اپنے منصوبے کو ایک کاغذ پر لکھ لیں۔ منصوبے پر عمل کرنے کے لیے کن کن چیزوں کی ضرورت ہے ان کی بھی نشاندہی کر لیں۔ کہاں کہاں سے مدد یا مشورہ حاصل کیا جاسکتا ہے…..؟ کس فرد یا ادارے سے رابطہ کرناضروری ہے….؟ ساری باتیں حقیقت پسندی کے ساتھ سوچیے اور پھر اسی ترتیب سے مرحلے وار اس پر عمل کرنا شروع کر دیں۔

دور اندیشی کے ساتھ بہتر منصوبہ بندی آپ کو دوسروں سے آگے لے جاسکتی ہے۔ کئی کامیاب عہدوں پر فائز لوگوں کی کامیابی کے پیچھے ان کی بہتر منصوبہ بندی اور حکمت عملی کا دخل ہوتا ہے۔ کئی لوگوں کی ذہنی استعداد کو اور ان کی صلاحیتوں کو آپ جانتے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ ان کی صلاحیتوں کے آپ زیادہ معترف بھی نہ ہوں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ آپ کو لگے کہ آپ اس عہدے کے زیادہ اہل ہیں اور یقینا یہ سچ بھی ہو سکتا ہے لیکن اس کے باوجود آپ کو دوسروں کی ہدایت کے مطابق کام کرنا پڑتا ہے۔

.

آپ کی پیداواری صلاحیتیں اس سے کہیں بہتر بھی ہو سکتی ہیں لیکن اگر آپ غور کریں گے تو بہت ممکن ہے کہ دوسرے شخص کی اس کامیابی کے پیچھے آپ کو بہتر منصوبہ بندی ہی چھپی ہوئی ملے۔

بشکریہ ماہنامہ روحانی ڈائجست  اکتوبر2018

Loading