ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )سیارچوں کا بیلٹ (main asteroid belt)، جو مریخ اور مشتری کے درمیان ایک ایسی جگہ ہے جو لاکھوں چٹانوں کا گھر ہے۔ اس وسیع تعداد کے باوجود، ان کا مشترکہ وزن حیرت انگیز طور پر کم ہے۔ درحقیقت، مرکزی بیلٹ میں موجود تمام سیارچوں کا کل وزن زمین کے چاند کے وزن کا تقریباً 3 سے 5 فیصد ہونے کا اندازہ ہے۔
اس بیلٹ میں 1 کلومیٹر قطر سے بڑے 11 لاکھ سے 19 لاکھ اجسام ہونے کا اندازہ ہے۔ 10 کلومیٹر سائز کے 10 ہزار اور 100 کلومیٹر یا اس بڑے اجسام کا نمبر 200 تک رہ جاتا ہے۔ چار سب سے بڑے اجسام، سیرس، ویسٹا، پیلس اور ہائیگیا، بیلٹ کے کل وزن کا تقریباً 60 فیصد ہیں۔ جیمز ویب دوربین نے اس بیلث میں 10 میٹر تک کے اجسام بھی دیکھے ہیں جو آج تک کے سب سے چھوٹے سائز کے اجسام ہیں جو مین بیلٹ میں زمین سے دیکھے گئے ہیں۔
سیرس (Ceres)، سب سے بڑا ہے، اتنا بڑا ہے کہ اسے minor planet بھی کہا جاتا ہے۔ اس کا قطر تقریباً 946 کلومیٹر ہے اور یہ سیارچوں کے بیلٹ کے کل وزن کا تقریباً 39 فیصد بنتا ہے۔
ویسٹا، دوسرا سب سے بڑا، تقریباً 525 کلومیٹر قطر کا ہے اور بیلٹ کے وزن کا تقریباً 12 فیصد ہے۔
پیلس اور ہائیگیا بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں، جن کا قطر تقریباً 512 کلومیٹر اور 434 کلومیٹر ہے۔ وہ ہر ایک کل وزن میں ایک چھوٹا فیصد حصہ ڈالتے ہیں۔
ایک اور مزے کی بات کہ جیسے ویڈیو اور تصاویر میں دکھایا جاتا ہے اس کے برعکس ایسٹرائیڈ بیلٹ کے اجسام کے درمیان اوسط فاصلہ 10 لاکھ کلومیٹر کے قریب ہے یعنی زمین اور چاند کے درمیانی فاصلے سے قریباً 3 گنا۔
زمین کے چاند اور مین بیلٹ کی کمیت کا موازنہ آپ تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔
(تحریر: ثاقب علی)