Daily Roshni News

ٹرمپ ٹیرف کے اثرات سے پاکستان اسٹاک بھی شدید متاثر، 100 انڈیکس 3500 سے زائد پوائنٹس کم

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک پر عائد کیے گئے حالیہ ٹیرف کے اثرات دیگر ایشیائی اور خلیجی ممالک کی اسٹاک مارکیٹ کی طرح پاکستان میں بھی دکھائی دینے لگے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز کے پہلے ہی روز ابتدا سے شدید مندی دیکھنے میں آ رہی ہے اور ایک موقع پر 100 انڈیکس میں 3500 سے زائد پوانٹس کی کمی دیکھی گئی۔ 100 انڈیکس 3518 کی کمی کے ساتھ 115273 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔

خیال رہے کہ ٹرمپ کی جانب سے عائد کیے گئے ٹیرف کے باعث امریکی اسٹاک ایکسچینج میں صرف 2 روز میں سرمایہ کاروں کے 60 کھرب ڈالر ڈوب گئے تھے جبکہ آج ایشیائی مارکیٹ میں بھی شدید مندی دیکھی گئی، جاپان کا نکئی انڈیکس 9 فیصد نیچے آیا جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ میں 8 فیصد گراوٹ ہوئی۔

جنوبی کوریا میں شدید مندی کے خدشات پر ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی جبکہ آسٹریلین اسٹاک مارکیٹ میں 160 ارب ڈالرز کا خسارہ ہوا جہاں ٹریڈنگ شروع ہونے کے 15 منٹ میں بینچ مارک ایس اینڈ پی 6 فیصد نیچے آگیا۔

سعودی عرب کی اسٹاک مارکیٹ میں بھی سرمایہ کاروں کے 500 ارب ریال ڈوب گئے۔ قطر،کویت، مسقط اور بحرین کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی گراوٹ دیکھی گئی۔

Loading