Daily Roshni News

تمہارے لئے ایک بہت بڑی خوش خبری ہے ۔

آج صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے میں خوابِ غفلت میں کسی دلکش حسینہ کو دنیا کے اسرار و رموز سے آگاہ کر رہا تھا کہ شومیِ قسمت اُسی وقت دروازے پر زور زور سے دستک ہوئی ۔

سلمان
سلمان
سلمان
تمہارے لئے ایک بہت بڑی خوش خبری ہے ۔
یہ نور تھا جو میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہے اور ہمسایہ بھی۔ خوش خبری کا سن کر مجھے لگا شاید کہیں کورے کاغذوں میں دادا پردادا کی چھوڑی ہوئی مین سڑک کنارے کی زمین برآمد ہوئی ہوگی مطلب پیسہ ہی پیسہ ہوگا۔

باہر نکلا تو نور کہتا برف باری ہو رہی ہے ۔مایوسی چونکہ گناہ ہے تو دُکھی ہوتے ہوئے سوچا کہ ویسے بھی میں زمین جائیداد کے لالچ سے پاک انسان ہوں کیوں کہ جو چیز ہے ہی نہیں تو لالچ کس بات کی کرنی۔
برف باری کا سن کر خوش ہوا اور چند تصاویر اور ویڈیوز بنائیں ، پھر چائے بنائی اور واپس بستر میں گھس گیا کیوں کہ درجہ حرارت منفی دس تھا، باہر برف گر رہی تھی اور اندر چائے۔ تو میں نے سوچا ایسے رنگین موسم میں اکیلے گمراہی کا شکار ہونے کی بجائے کوئی اچھا سیزن ختم کر کے اس پر کوئی ریویو چھاپ کر آپ سب کو بھی شاملِ تفتیش کیا جائے ۔

سیزن کا نام Black Doves ہے جو کل رات سے ہی دیکھ رہا تھا۔ باقی دو اقساط رہتی تھیں جنہیں پورا دیکھ کر میں اٹھا اور کانپتے ہاتھوں کے ساتھ ریویو لکھنا شروع کیا ۔ ہاتھ ٹھنڈ کی وجہ کانپ رہے تھے کوئی اشلیل مطلب نا داغا جائے ۔

ہر ملک میں ایک خفیہ طاقت ایسی ہوتی ہے جو بعض دفعہ ریاست سے بھی زیادہ مضبوط ہوتی ہے اور ریاست کے طاقت ور ترین لوگ بھی اپنی حکومت اور پاور کو مزید تقویت دینے کے لئے ان پر انحصار کرتے ہیں۔
ویسے ہمارے ملک میں ایسے لوگ کالی گاڑیوں پر گھومتے نظر آتے ہیں لیکن اس سیزن میں جن لوگوں کی بات ہو رہی ہے ان کا مقصد صرف پیسہ ہوتا ہے ۔ جس نے زیادہ بولی لگائی یہ ان کی خدمت میں حاضر ہو جاتے ہیں یعنی ” سانوں نوٹ وِکھا ساڈا موڈ بنڑے” ۔

اس تنظیم کے لوگ پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہوتے ہیں اور ملک کے طاقت ور ترین اداروں کی نگرانی میں بیٹھ کر چپکے سے اپنا کام کر رہے ہوتے ہیں اور کسی کو بھنک تک نہیں پڑتی ۔ ایک ملک کے رازوں کو چھپا کر کسی دوسرے ملک کو بیچتے ہیں ۔
مرکزی کرداروں میں سرفہرست ایک خاتون ہوتی ہے جو ڈیفنس سیکریٹری کو پھانس کر اس کی بیوی بنتی ہے ، موصوفہ سیکریٹری پر اپنے حسن کے جلوے گراتی ہے تاکہ چپکے سے ملکی رازوں کو اپنی تنظیم تک پہنچائے اور تنظیم زیادہ پیسے دینے والوں کو وہ راز بیچ دے۔

یہ راز بعض دفعہ اس حد تک خطرناک ہوتے ہیں کہ کسی عام انسان کو اگر کوئی راز پتہ چل جائے تو اس کا جینا ناممکن بن جاتا ہے کیوں کہ طاقت وروں کے نزدیک وہ ان کے لئے ایک خطرہ ہوتا ہے اور جن کے پاس طاقت ہوتی ہے تو وہ خطرے سے دور نہیں بھاگتے بلکہ اسے جڑ سے ہی ختم کر دیتے ہیں ۔
دوشیزہ بلا کی خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ خطرناک قسم کی لڑاکا بھی ہوتی ہے اور بڑے بڑے جنگجوؤں کو ایک چھوٹے چاقو سے پیل دیتی ہے۔ اگر شاعر حضرات اِس قتالہ کے بارے میں لکھیں تو کچھ ایسا ہوگا

اس کی کتھئی آنکھوں میں ہیں جنتر منتر سب
چاقو واقو، چھریاں وریاں، خنجر ونجر سب

سیریز اُس وقت مزید دلچسپ موڑ لیتی ہے جب اس کھیل میں چائینہ کا ایمبیسڈر قتل ہو جاتا ہے اور اس کی بیٹی اغوا۔
چائینہ امریکا پر الزام لگاتا ہے جیسے ہم ہر چیز کا الزام کافروں پہ داغتے ہیں۔ یہاں سے بڑے بڑے لوگ اس معاملے میں جڑ جاتے ہیں اور پھر شروع ہوتا ہے موت کا کھیل اور دھڑا دھڑ لاشوں کے ڈھیر گرنا شروع ہو جاتے ہیں ۔
سیریز میں Sam نام کا ایک اور کردار ہوتا ہے جس کا کام لوگوں کو مارنا ہوتا ہے ۔ اسے صرف ایک پتہ بتایا جاتا ہے اور وہ وہاں جا کر متعلقہ انسان کو ابدی نیند سلا دیتا ہے ۔ دل کا بہت اچھا ہوتا ہے لیکن اپنے کام کو ایمان سمجھ کر کرتا ہے اس لئے ایک بار جب وہ ایسے ہی کسی کو مارنے پہنچتا ہے تو وہ انسان اس کا باپ نکلتا ہے لیکن دھندے کے اصولوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے وہ اسے بھی مار دیتا ہے۔

سیریز کی عمدہ قسم کی ڈائریکشن ، پروڈکشن اور باریک بینی آپ کو کہیں پہ بھی بور نہیں ہونے دیتی ہے ۔ ایک ہی سیزن ہے جس میں چھ اقساط آپ کو دیکھنے کو ملیں گی ۔ اور سیریز نیٹ فلیکس پر دستیاب ہے۔

چلیں آپ لوگ سیریز انجوائے کریں اور میں ادرک کی چائے بنا کر پیتا ہوں ، کیوں کہ دادا پردادا کی جائیداد تو نہیں ملی البتہ منفی دس درجہ حرارت میں اُچھل کود کرنے سے زکام ضرور مل گیا ۔

سلمان حیدر خان / Film Walay فلم والے

Loading