Daily Roshni News

آرمی چیف کا ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں دوسری ریاست کی خودمختاری و سالمیت کے احترام پرزور

آرمی چیف جنرل عاصم منیر  نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان  سے ملاقات میں کہا ہے کہ دوسری ریاست کی خودمختاری کا احترام ریاستی تعلقات میں سب سے اہم جز ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔ 

دوران ملاقات فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی، مذہبی اور تہذیبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور ایک دوسرے کے تحفظات کو زیادہ سے زیادہ سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

آرمی چیف نے کہاکہ دوسری ریاست کی خودمختاری کا احترام ریاستی تعلقات میں سب سےاہم جز ہے۔

جنرل عاصم منیر نے سلامتی کے خدشات دور  کرنے کیلئے پائیدار اور دستیاب مواصلاتی ذرائع استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فریقین نے اتفاق کا اظہار کیا کہ دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے جس سے باہمی تعاون، ہم آہنگی اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ فریقین نے مشترکہ خطرات کےخلاف رابطہ کاری اور ردعمل بہتر بنانے کیلئے دونوں ممالک میں فوجی رابطہ افسروں کی تعیناتی کے طریقہ کار کو جلد سے جلد فعال کرنے پر اتفاق کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کسی بھی خرابی کو برادر ممالک کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

آرمی چیف اور ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ پڑوسی ممالک ہیں دونوں ممالک کی تقدیر ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، فریقین نے سرحدی علاقے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ سرحدی علاقے میں امن دونوں اطراف کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے ناگزیر ہے۔

Loading