Daily Roshni News

افغانستان سے دہشت گردوں کی کارروائیاں ، خواجہ آصف نے افغان حکومت کو خبردار کردیا

اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان حکومت  کو خبردار کیا ہے کہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کی افغانستان میں پناہ گاہیں ہیں، یہ صورت حال مزید جاری نہیں رہ سکتی۔

تفصیلات کے مطابق وزیردفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغانستان ہمسایہ اور برادر ملک ہونےکا حق نہیں ادا کر رہا اور دوحہ معاہدے کی پاسداری بھی نہیں کررہا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 60،50 لاکھ افغانوں کو حقوق کیساتھ پاکستان میں 50،40 سال سے پناہ میسر ہے لیکن پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو افغان سر زمین پرپناہ گائیں میسر ہیں۔

وزیر دفاع نے افغان حکومت کو خبردار کیا کہ یہ صورت حال مزید جاری نہیں رہ سکتی، پاکستان اپنی سرزمین اور شہریوں کے تحفظ کیلئے اپنے وسائل بروئے کار لائے گا۔

گذشتہ روز آرمی چیف نے بھی افغانستان سے ٹی ٹی پی کی دہشت گردکارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ یہ دہشت گردحملےناقابل برداشت ہیں، حملوں پرفورسزکی طرف سےموثر جوابی کارروائی ہوگی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کےمحفوظ ٹھکانےہیں، افغان حکومت دوحہ معاہدے پرعملدرآمد یقینی بنائے۔

Loading