Daily Roshni News

اقوام متحدہ نے اسرائیل کو خبردار کر دیا

مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی بربریت پر اقوام متحدہ بھی بول پڑا اور سیکریٹری جنرل یو این نے اسرائیل کو اس کی جارحیت پر وارننگ دے دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے مظلوم شہریوں پر صہیونی اسرائیلی حکومت کے انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ جاری ہے جنین پر حالیہ اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد اقوام متحدہ بھی اس بربریت پر بول پڑا اور سیکریٹری جنرل یو این نے اسرائیل کو اس کی جارحیت پر وارننگ دے دی ہے۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ جنین پر اسرائیل کے فضائی حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔ اسرائیل کے پاس فلسطین میں تشدد کی کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں ہے، فضائی حملے قانون نافذ کرنے والے آپریشن سے مطابقت نہیں رکھتے۔ اسرائیل عالمی قوانین کے تحت اپنی ذمے داریوں کی پاسداری کرے۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ میں فلسطینی نمائندے نے اسرائیل میں بین الاقوامی حفاظتی فورس بھجوانے کا مطالبہ کر دیا جس پر انتونیو گوتریس نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اسرائیلی حکومت اس امکان سے اتفاق کرے گی، ایسا طریقہ اختیار کی جائے جس سے فلسطینی شہریوں کو تحفظ ہو سکے۔

Loading