Daily Roshni News

اوربگ بینگ ثابت ہوا۔۔۔تحریر۔۔۔ثاقب علی

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔تحریر۔۔۔ثاقب علی)یہ اینٹینا جو آپ تصویر میں دیکھ رہے ہیں اس کو ہارن اینٹینا (Holmdel Horn Antenna) کہتے ہیں جو امریکہ کی ریاست “نیو جرسی” میں ہے۔ آج سے 60 سال پہلے 20 مئی کو اس کی مدد سے اس کائنات کے ایک راز سے پردہ اٹھا تھا۔

یہ اینٹینا اصل میں مواصلاتی سیٹلائٹ سے رابطہ کے لیے بنایا گیا تھا۔  آپ جانتے ہیں کہ اس کائنات کے آغاز کو اب تک کی ریسرچ کے مطابق “بگ بینگ” سے جوڑا جاتا ہے جو ایک ایس واقعہ تھا جب اس کائنات کی ابتداء ہوئی اور انرجی ایک انتہائی مرتکز پوائنٹ سے آزاد ہوکر پھیلنے لگی۔ مادہ وجود میں آیا اور اس کے کچھ عرصہ بعد روشنی یا فوٹون نے آزاد  ہو کر اپنے سفر کا آغاز کیا۔

بیل ٹیلیفون لیبارٹری میں 1964 میں اس اینٹینا پر کام کرنے والے دو سائنسدانوں (Arno Penzias and Robert Wilson) نے دیکھا کہ ان کے ڈیٹا میں ایک ایسی Noise ہے جو اس اینٹینا کو کسی بھی رخ پر کرنے سے ختم نہیں ہوتی اور وہ اس وقت مائیکرو ویو فریکوئینسی میں یہ تجزیہ کررہے تھے۔ یہ اینٹینا مائیکرو ویو فریکوئنسی کے لیے حساس تھا۔ پرنسٹن یونیورسٹی کے ایک پروفیسر Dicke، جو بگ بینگ کے بعد کائنات میں آزاد ہوئے فوٹون یا انرجی کی تلاش میں تھے ان کی ریسرچ یہ کہتی تھی کہ اس کائنات میں اس بڑے وقوعہ کی کوئی نہ کوئی نشانی ضرور ہے، وہ انرجی وہ حرارت اس کائنات کو صفر ڈگری کیلون سے اوپر رکھے گی اور ان کی کیلکولیشن کے مطابق 10 کیلون اس کائنات کا اوسط درجہ حرارت ہونا چاہیے۔ اس سے پہلے 1948 میں Alpher and Herman نے بھی اپنے ایک ریسرچ پیپر میں اس Cosmic Microwave background کی کیلکولیشن کرکے اس کی مقدار 5 کیلون بتائی تھی۔

جب Dicke نے ان انجنئیرز کی اس دریافت کا سنا تھا وہ انتہائی خوش ہوئے اور ان کا ڈیٹا حاصل کیا تو پتا چلا کہ وہ ٹھیک تھے اور کائنات کے آغاز کے بارے میں بگ بینگ ماڈل درست ہے (اس کے مقابل میں “سٹیڈی سٹیٹ” ماڈل تھا)۔ اس نئے ڈیٹا سے پتا چلا کہ کائنات کا ہر طرف درجہ حرارت 2.73 کیلون ہے اور یہ بتاتا ہے کہ اس وقت نکلنے والے فوٹون کی انرجی اس وقت مائیکرو ویو فریکونسی کے اندر ہر طرف موجود ہے۔  کائنات کی عمر معلوم کرنے کے لیے اور “ہبل کانسٹنٹ” کی مقدار معلوم کرنے کے لیے اس کاسمک مائیکرو ویو ریڈی ایشن کے استعمال بھی کیا جاتا ہے۔ ان دو سائنسدانوں کو اس دریافت پر 1978 میں فزکس کا نوبل انعام بھی ملا۔

کائنات کی عمر کیسے معلوم کی جاتی ہے اس کے لیے میرے چینل پر یہ ویڈیو ملاحظہ کرسکتے ہیں۔

Loading