Daily Roshni News

ایران نے اردن ڈرون حملے سے لاتعلقی ظاہر کردی

تہران: ایران نے اردن میں کیے جانے والے ڈرون حملے سے مکمل لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے اردن ڈرون حملے میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے پر ایران پر حملے کا الزام عائد کیا تھا۔

تاہم ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہےکہ ایرانی حکام نے اس حملے سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ جیسا کہ ہم پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ خطے میں موجود مزاحمتی گروپس صیہونی حکومت کے جنگی جرائم اور بچوں کے قتل عام کے خلاف کارروائیاں کررہے ہیں، یہ گروپس ایرانی حکومت کی طرف سے کوئی احکامات نہیں لیتے۔

ترجمان نےکہا کہ یہ گروپس اپنے اصولوں، ترجیحات، عوام اور اپنے لوگوں کے مفادات کو دیکھتے ہوئے ردعمل دیتے ہیں۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اس حملے میں ایرانی حکومت کے ملوث ہونے کا دعویٰ مخصوص سیاسی مقاصد اور خطے کی حقیقت کو بدلنے کے لیے کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کا کہنا ہےکہ تہران کا اردن میں ہونے والے حملے سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اس حملے سے متعلق اس کے پاس کچھ ہے، یہ تنازع امریکی فوج اور خطے میں موجود مزاحمتی گروپوں کے درمیان ہے۔

Loading