Daily Roshni News

ایوان میں اجنبی لوگ موجود ہیں ،یہ جعلی مینڈیٹ پر آئے ہیں،عمر ایوب

 سنی اتحاد کونسل کی جانب سے نامزد وزیراعظم عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ایوان میں اجنبی لوگ موجود ہیں ،یہ لوگ جعلی مینڈیٹ پر ایوان میں آئے ہیں ،ہم قیدی نمبر804کو قائد ایوان کی سیٹ پر بیٹھا کر دم لیں گے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر کے انتخاب کے موقع پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ایوان میں اس وقت فارم 47 کی وجہ سے اجنبی موجود ہیں، جنہوں نے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا،سپیکر کے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے، محترم اسپیکر عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے والوں کو ایوان سے باہر نکالیں۔

انہوں نے کہا کہ جب قومی اسمبلی میں بے ضابطگیاں ہوں گی تو نعروں سے گلا خراب تو ہوگا، گلا خراب ہو یا کٹ جائے ہم نے آواز اٹھانی ہے۔

عمر ایوب کا پوائنٹ آف آرڈر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان لوگوں کو ایوان سے باہر نکالا جائے۔اس پرسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ لوگ احتجاج کریں لیکن ایوان کی کارروائی بھی چلنے دیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر کے انتخاب کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی جانب سے بھی احتجاج کیا گیا۔

قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا، اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت اجلاس جاری ہے۔ سپیکر ڈائس کے دائیں اور بائیں جانب دو پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، پولنگ بوتھ میں خصوصی طور پر لائٹ کا انتظام کیا گیا۔ اسپیکر نے عمر ایوب کو پواینٹ آف آرڈر پر بولنے کا موقع دیا جبکہ سنی اتحاد کونسل اور آزاد ممبران نے احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے گھیراوٴکیا۔

علیم خان کو بیلٹ پیپر کے اجراءپر سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگائے جبکہ عطا تارڑ کے ووٹ ڈالنے پر سنی اتحاد کونسل نے ووٹ چور کے نعرے لگائے۔ملک کی 16 ویں قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے انتخابی عمل شروع ہوگیا۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر کیلئے ن لیگ کے سردار ایاز صادق اور سنی اتحاد کونسل کے ملک محمد عامر ڈوگر کے درمیان مقابلہ ہے۔

Loading