Daily Roshni News

بائیڈن نے خط میں انہیں مبارک باد بھی نہ دی،حکومت 6 مہینے بھی چلی تو بڑی بات ہے: اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ امریکا کے صدر نے خط میں ان کو مبارک باد بھی نہیں دی، اس طرح کی حکومت زیادہ سے زیادہ 6 مہینے بھی چلی تو بڑی بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں تحریک انصاف کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، عدالتوں سے ہمارا مینڈیٹ واپس نہ ملا تو حکومت کو کسی صورت چلنے نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا گیا جس میں نومنتخب حکومت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ دونوں ممالک کےعوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانےمیں اہم ہے۔

خط میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کیلئے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔

یہ بھی یاد رہے کہ امریکی صدر کا خط موصول ہونے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر جو بائیڈن کو جوابی خط بھی لکھ دیا ہے۔

Loading