ترک صدر رجب طیب اردوان کا فلسطینیوں کی مدد کے لیے اسرائیل میں داخل ہونے سے متعلق بیان سامنے آیا ہے جس پر اسرائیل سیخ پا ہوگیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے گزشتہ روز حکمران جماعت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مضبوط ہونا ہے تاکہ اسرائیل فلسطینیوں کے ساتھ گھناؤنے اقدامات نہ کرسکے۔
صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ترکیہ، لیبیا اور ناگورنو کاراباخ کی طرح اسرائیل میں بھی داخل ہوسکتاہے، ہمارے پاس ایسا نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں، ہمیں بس مضبوط ہونا ہے تاکہ ہم یہ کرسکیں۔
رجب طیب اردوان کے بیان پر اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے ترک صدر کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترک صدر صدام حسین کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کر رہےہیں۔
اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترک صدر اسرائیل پر حملہ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں،ان کو سابق عراقی صدر کا انجام یاد رکھنا چاہیے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ کے اس بیان پر ترک حکام نے اسرائیل پر کڑی تنقید کی ہے۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل صدر اردوان کو نشانہ بنا کر اپنے جنگی جرائم چُھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔