Daily Roshni News

تمباکو نوشی کے نقصانات ؟ کیا تمباکو نوشی ایک زہر ہے ؟ ۔۔۔ تحریر۔۔۔ڈاکٹر اختر ملک

تمباکو نوشی کے نقصانات ؟ کیا تمباکو نوشی ایک زہر ہے ؟

تحریر۔۔۔ڈاکٹر اختر ملک

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ تمباکو نوشی کے نقصانات ؟ کیا تمباکو نوشی ایک زہر ہے ؟ ۔۔۔ تحریر۔۔۔ڈاکٹر اختر ملک) سگریٹ یا تمباکو نوشی نہایت تباہ کن عادت ہے جس سے نہ صرف دولت ضائع ہوتی ہے بلکہ صحت جیسی قیمتی چیز بھی برباد ہو جاتی ہے۔ سگریٹ نوشی ایک ایسی زہر ہے جو انسان کو سر سے لے کر پائوں تک متاثر کرتی ہے۔ سگریٹ نوشی کینسر سمیت درجنوں بیماری کی وجہ بن سکتی ہے۔ سگریٹ نوشی نہ صرف پینے والے کو متاثر کرتی ہے بلکہ اردگرد میں رہنے والے لوگ جیسے گھر والے ، بچے ، دوستوں وغیرہ کو بھی متاثر کرتی ہے جہاں جہاں سگریٹ کا دھواں جاتا ہے جیسے پیسیو سموکنگ کہتے ہیں جس میں دوسروں کی سگرٹ کا دھواں نہ چاہتے ہوئے بھی انہیل کیا جاتا ہے اور یہ بہت ہی خطرناک ہوتی ہے کیونکہ اس میں فلٹر کا کوئی طریقہ نہیں ہوتا۔

👈 اگر شماریات کی بات کی جائے تو دنیا میں کل آبادی میں سے  22 فیصد افراد تمباکو نوشی کا شکار ہیں اور دنیا بھر میں سالانہ تقریباً 70 لاکھ افراد تمباکو نوشی میں مبتلا ہو کر اموات کا شکار ہو رہے ہیں اور پاکستان میں سالانہ 15 لاکھ سے زیادہ افراد تمباکو نوشی میں مبتلا ہوکر اموات کا شکار ہور ہے ہیں اور بدقسمتی سے پاکستان میں ہر سال تمباکو نوشی کا رحجان تیزی سے بڑھ رہا ہے، خاص طور پر نوجوان نسل اس سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے، الیکٹرونکس سگریٹ اور شیشہ بھی انتہائی مہلک ہوتا ہے۔

👈 تمباکو میں تقریباً 7 ہزار كیميای مرکب ہیں جن میں تقریباً 70 کارسینوجینک ہیں۔ کارسینوجینک کا مطلب ہے وہ اسباب جو کینسر کا سبب بنتے ہیں ۔تمباکو میں عام طور پر درج ذیل کے کیمیائی مرکب  پائے جاتے ہیں۔

1)کاربن مونو اکسائیڈ   ، 2)بنزین  ، 3)فارم ایلڈیہائڈ                 4)فینول ، 5)انتہائی خطرناک زہر ہائیڈروجن سائنائیڈ

6)اور نکوٹین جس سے انسان تمباکو نوشی کا عادی ہو جاتا ہے اور تمباکو نوشی کو  نہیں چھوڑ پاتا۔ اور تمباکو نوشی میں ایسے کیمیائی مرکب ہوتے ہیں جو انسانی جسم میں oxidative Stress کو بڑھاتی ہے اور اس کے بڑھنے سے انسان کا نارمل نظام درہم برہم ہو جاتا ہے ، مدافعتی نظام کمزور ہو جاتا ہے ،جس سے تمباکو نوشی کرنے والا کینسر سمیت درجنوں بیماریوں کا شکار ہو سکتا ہے۔

👈 تمباکو نوشی کے انسانی اعضاء پر اثرات

 سگریٹ نوشی ایک ایسی زہر ہے جو کینسر سمیت درجنوں بیماری کی وجہ بن سکتی ہے۔ درج ذیل بیماریاں یا مسائل سگریٹ نوشی کرنے والوں کو ہو سکتی ہیں۔

1: کینسر اور پھیپھڑوں کے مسائل

سگریٹ نوشی بہت سے کینسر کی وجہ بن سکتی ہے جیسے کہ منہ اور گلے کا کینسر ، خوراک کی نالی اور معدے کا کینسر ،جگر،گردے مثانے کا کینسر وغیرہ اور سگریٹ نوشی پھیپھڑوں کے کینسر کی ایک بڑی وجہ ہے ، تقریباً 80 پرسنٹ پھیپھڑوں کے کینسر میں تمباکو نوشی پائی جاتی ہے۔

 سگریٹ نوشی Emphysema کا سبب بنتی ہے ،جس میں ایلولائی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہے اور انسان کو سانس میں تنگی، کھانسی ، بلغم جیسی علامتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

( لازمی نہیں کہ سگریٹ نوشی سےسب کوکینسر یا خطرناک بیماریاں ہوں ، کیونکہ انسانی جسم انتہائی پیچیدہ ہے، اور ہر انسان کا مدافعتی نظام دوسرے سے مختلف ہوتا ہے اور مختلف لوگوں کی جینیات مختلف ہوتی ہے- اس لیے کچھ لوگوں کو تمام عمر سگریٹ پینے کے باوجود کینسر نہیں ہوتا اور کچھ لوگوں کو معمولی سگریٹ نوشی سے بھی پھپھڑوں کا یا کوئی دوسرا کینسر ہو سکتا ہے یا کوئی اور مہلک بیماری ہو سکتی ہے )

2: معدے کے مسائل

سگریٹ نوشی معدے اور آنتوں میں ورم اور السر ، آئی بی ایس یا سنگرہنی کے امکانات کو کئی گنا زیادہ کرتی ہے ، معدے کے السر کی عام علامات جیسے سینے میں جلن اور  درد ہونا ، قے الٹی کا آنا ، بھوک کا کم لگنا ، گیس کا مسلئہ ہونا اور وزن میں کمی ہو سکتی ہے۔

3: جنسی یا تولیدی مسائل

سگریٹ نوشی دونوں جنسوں میں تولیدی مسائل پیدا کرتی ہے اور اس سے بانجھ پن کا مسلئہ ہو سکتا ہے اور مردوں میں تمباکو نوشی سے بانجھ پن سمیت جنسی خواہش کی کمی اور نامردی کا مسلئہ بھی ہو سکتا ہے۔ اورحاملہ خواتین میں سگریٹ کے زہریلے مواد خون کے ذریعے بچوں میں منتقل ہوتا ہے جس سے بچے کو سڈن انفینٹ ڈیتھ سنڈروم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور وہ بچہ وزن کی کمی اور نظام تنفس کے فیل ہو جانے کے خطرات سے بھی دوچار ہوتا ہے۔

4: دل اور خون کی رگوں کا مسلئہ

سگریٹ نوشی دل کی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے ، جیسے کہ بلڈ پریشر کا زیادہ ہونا ، خون کی گردش کا مسلئہ ہونا ، رگوں میں لوتھڑے کا بننا اور ہارٹ اٹیک تک مسائل پیدا کرسکتی ہے۔

5: دماغی اور اعصابی مسائل

لمبے عرصے سے تمباکو نوشی کرنے سے اعصابی مسائل ہو سکتے ہیں جیسے کہ سر درد ، الزائیمر ڈیزیز ، اعصاب کا دائمی درد ، ہاتھوں پیروں کا سن ہو جانا ، ٹانگوں کے احصاب کمزور پڑ جانا اور فالج تک ہو سکتا ہے۔

6: منہ اور گلے کے مسائل کا ہونا

جیسے دانتوں کا خراب ہونا، منہ سے بدبو کا انا، منہ اور  گلے میں بار بار انفیکشنز ہونا

7: گردے مثانے کا مسلئہ ہونا

8: نفسیاتی مسائل کا ہونا

سگریٹ نوشی ڈیپریشن ، انزائٹی ،وہم اور دیگر نفسیاتی مسائل پیدا کر سکتی ہے۔

9: پٹھوں جوڑوں اور ہڈیوں کے مسائل ہونا

10: آنکھوں اور جلد کے مسائل کا ہونا

سگریٹ نوشی موتیا کا سبب بن سکتی ہے اور جلد کو خراب کر سکتی ہے ، اور سگریٹ نوشی کرنے والا اپنی عمر سے زیادہ بوڑھا لگتا ہے۔

👈 سگریٹ نوشی سے چھٹکارا پانے کا حل

اگر سگریٹ نوشی کو چھوڑا جائے تو سموکر سگریٹ کی پیچیدگیوں سے بچ سکتا ہے جیسے کہ پھیپھڑوں میں بیماری پیدا ہونے کا عمل بھی سست ہو جائے گا اور اس کی وجہ سے کم عمری میں اموات اور دل اور پھیپڑوں کے امراض میں کمی واقع ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ پھیپھڑوں کے کینسر کے چانس بھی کم ہو جائینگے ، مالی طور پھر بھی بچت ہوگی کیونکہ سگریٹ کا خرچہ بچے گا, لیکن سگریٹ میں نکوٹین کی وجہ سے اسکا عادی بمشکل ہی اس سے جان چھوڑا سکتا ہے، لہذا سگریٹ نوشی کو چھوڑنے کے لیے اپنی کوشش اور ڈاکٹر یا ماہر نفسیات سے بھی مدد لینی چاہیے۔۔ درج ذیل چند اہدیات پر عمل کرنا چاہیے۔

1) اہم ترین اور سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ پہلے آپ مضبوط ارادہ کریں کہ سگریٹ نوشی ترک کرنا ہے۔ پھر جب بھی سگریٹ کی طلب ہو اٹھ کر صاف اور تروتاز و ماحول میں لمبے لمبے سانس (Deep breathing) لینا شروع کر دیں ۔ اس سے بہت حد تک سکون محسوسہوگا اور دوبارہ یہی طریقہ دوہرانے کو جی چاہے گا۔ ابتدائی دنوں میں ایسا کرنے سے آپکو قدرے مشکل پیش آئے گی لیکن آہستہ آہستہ مثبت نتائج بر آمد ہوں گے

2) صحت مند اور وٹامنز سے بھرپور خوراک کا استعمال کریں اور پانی کا استعمال زیادہ کر دیں۔ اسسے جسم سے نکوٹین کے زہریلے مادے خارج ہونے میں آسانی ہوگی۔

3) سگریٹ پینے والے دوستوں کی محفل سے دور رہیں۔ اپنے گھر سے تمام سگریٹ ، ایش ٹرے اور حتیٰ کہ اپنے سب کپڑے وغیرہ دھوڈالیں تا کہ سگریٹ کےدھوئیں وغیرہ سے دوبارہ سگریٹ پینے کو جی نہ چاہے۔

4) روزانہ ورزش کریں اور صبح سویرے اٹھنے کا معمول بنالیں اور تازہ ہوا میں سانس لیں۔

5) مزید اگر کوئی اپنی بھرپور کوشش کے باوجود بھی سگریٹ نہیں چھوڑ پا رہا تو پھر ڈاکٹر  سے مشورہ لازمی کریں، سگریٹ چھوڑنے سے پیدا ہونے والی علامات جیسے سر میں درد رہنا ، غصہ کا آنا ، کمزوری بے چینی ،جسم کا ٹوٹنا وغیرہ کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈاکٹر کے مشورے سے میڈیسن استعمال کی جا سکتی ہیں ،جیسے Gums patch inhalers اور buspiron یا vernicline سے سگریٹ نوشی کو ترک کرنے میں مدد ملتی ہے ، جو کہ نکوٹین کے متبادل کے طور پر کام کرتی ہیں۔

Regards Dr Akhtar Malik

Follow me Akhtar Rasheed

Loading