اسلام آباد: توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دے دیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ڈویژن بینچ آج توشہ خانہ کیس کی سماعت کرے گا۔
25 جولائی کو چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے سماعت کی تھی، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس عامر فاروق کو کیس نا سننے کا کہا گیا تھا۔
وکلا کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے چیف جسٹس کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں درخواست دی، وہ کیس نا سنیں، چیف جسٹس عامر فاروق نے ریفرنس دائر ہونے کے باعث بینچ سے الگ ہونے کی استدعا مسترد کردی تھی۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے تعطیلات پر جانے کے بعد اب وہ ڈویژن بینچ کیس سننے کیلئے دستیاب نہیں، گزشتہ سماعت کرنے والے بینچ کی عدم دستیابی کے باعث نیا ڈویژن بینچ سماعت کرے گا۔