Daily Roshni News

جمیل فخری۔۔۔۔13 ویں وفات برسی

جمیل فخری۔۔۔۔13 ویں وفات برسی

 ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ جمیل فخری۔۔۔۔13 ویں وفات برسی)جمیل فخری  پی ٹی وی سے وابستہ ایک مشہور ادا کار تھے۔انہوں نے پی ٹی وی کے بہت سے ڈراموں میں کام کیا ۔ 2002ء میں انہیں صدارتی تمغہ برائےحسن کارکردگی عطا کیا گیا اور 1981ء میں فلم’ یہ زمانہ اور ہے’ میں اداکاری پر نگار فلمی اعزاز ملا۔

    15 ستمبر،1946ء کو لاہور میں پیدا ہونے والے جمیل فخری ابتدائی تعلیم وتربیت کے بعد نیشینل بنک سے وابستہ ہوئے اور واپڈا ہاؤس کے ہال میں ٹھیٹر ڈرامے کئیے۔ 85-1984 ء پی ٹی وی لاہور مرکز سے نشر والی یونس جاوید کی لازوال ڈرامہ سیریز اندھیرا اجالا نے انہیں ملک گیر شہرت عطا کی۔انہوں نے اس سیریز میں انسپکٹر جعفر حسین کا ناقابل فراموش کردار ادا کیا، جو دوران تفتیش ملزمان سے کچھ رقم وغیرہ لے کر انہیں کچھ رعایت دے دیتا ہے لیکن پھر فرض شناسی اور اپنے بڑے افسر قوی خاں کی سرزنش سے اپنے فرائض منصبی ایمان داری سے ادا کرنا شروع کر دیتا ہے۔اندھیرا اجالا کے علاؤہ انہوں نے وارث،تانے بانے،الف نون،نیلے ہاتھ،ایک محبت سو افسانے ،الف لیلی، آج کا کھیل،ذخیرہ اندوی اور جھیل ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

       7دسمبر 2010 ء کو انہیں اپنے بیٹے علی ایاز فخری کی موت سے ایک عظیم صدمے سے دوچار ہونا پڑا۔ان کے بیٹے امریکہ میں مقیم تھے جھنیں قتل کرکے ٹکڑے ٹکڑے کر کے  آگ میں جلا دیا گیا۔اس حادثے نے ان کی زندگی پر گہرے اثرات ڈالے ،جون 2011ء میں انہیں اس صدمے کے باعث فالج کا حملہ ہوا اور 9 جون 2011ء کو وہ اس جہاں فانی سے چل بسے۔انہیں میانی صاحب قبرستان میں غازی علم دین شہید کی درگاہ کے قریب دفن کیا گیا ہے۔

    جمیل فخری نے اپنے عہد کے تمام مشہور اداکاروں ،قوی،عرفان کھوسٹ،خیام سرحدی ،

فردوس جمال،توقیر ناصر،اورنگ زیب لغاری اور منور سعید کے ساتھ ادا کاری کے جوہر دکھائے۔

       محمد سلیم ۔۔۔11 جون 2024ء

Loading