Daily Roshni News

حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم پیدائش ،عیسائی برادری کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم پیدائش کو

جشن کے طور پر  منانے کے لئے دنیا بھر میں

عیسائی برادری کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

 تحریر۔۔۔جاوید عظیمی

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔کرسمس 2025۔۔۔تحریر ۔۔۔۔جاوید عظیمی ) اللہ تعالٰی کی جانب سے اس دنیا میں بھیجے گئے کم و بیش ایک لاکھ پچیس ہزار انبیاء میں ایک نبی اور رسول حضرت عیسی ٰ علیہ السلام جن کا تذکرہ اللہ تعالٰی کی آفاقی آخری مقدس کتاب قرآن مجید فرقان حمید میں بھی کیا گیا ہے ۔ حضرت مریم کے بطن سے پیدا ہونے والے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم ولادت ہر سال مذہبی عقیدت و احترام اور تزک و احتشام سے دنیا بھر میں موجود عیسائی برادری مناتی ہے۔

ہر سال کی طرح امسال بھی کرسمس 2025کے لئے عیسائی برادری کی جانب سے مذکورہ تہوار کو منانے کے لئے بھر پور طریقے سے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت 25 دسمبر کی صبح کا آغاز دنیا بھر کےگرجا گھروں میں دعائیہ کلمات سے کیا جاتا ہے بعد ازاں گھروں میں تیار کردہ خصوصی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی جاتی ہے۔ اسی طرح ہالینڈ کے ہر شہر میں بھی کرسمس کی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

اس وقت ہالینڈ بھر میں مختلف ڈپارٹمنٹل اسٹوروں کی خصوصی رعایتی سیل کے ذریعے شہریوں کو کرسمس کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے بھر پور خریداری کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ۔ اگر ہم دی ہیگ کے صدر بازار کی بات کریں تو یہاں ہر جانب خوشی کا سماں ہے۔ اسٹریٹ پر نوجوان لڑکے لڑکیاں مختلف رنگوں کے خصوصی مبلوسات زیب تن کر کے بچوں اور بڑوں میں تحائف تقسیم کر رہے  ہیں صدر بازار میں آنے والے ہر فرد کی کے لئے استقبالیہ کلمات ادا کیئے جارہے ہیں، جس کے باعث شہر بھر میں جشن کا سماں نمایاں نظر آرہا ہے۔ ہالینڈ میں یہ روایت چلی آرہی ہے کہ کرسمس کے دنوں کو مزید دلکش اور آسان  بنانے کے لئے فیملی کے افراد کے ہمراہ کھانا کھانے کے لئے پسندیدہ ریستورانوں میں بکنگ کی جاتی ہیں،

جہاں انواع و اقسام کے کھانے تناول کر کے اور خوش گفتاری کے ذریعے کرسمس کی خوشیوں کو دوبالا کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی ہوٹلوں کی بکنگ پر بہت زیادہ رش ہے ۔ کرسمس کی تمام تقریبات میں انسانیت کا احترام اور حقوق انسانی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے ۔ اللہ تعالٰی ہم سب کو انسانی حقوق کی پامالی سے بچنے اور انسانوں سے محبت کرنے کی توفیق جمیل عطا فرمائیں آمین ثمہ آمین۔ اور آخر میں عیسائی برادری کوصمیم قلب سے  کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

Loading