Daily Roshni News

خواتین کے آنسو مردوں کا غصہ کم کردیتے ہیں: تحقیق

حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ خواتین کے آنسو مردوں کا غصہ فوراً کم کردیتے ہیں۔

امریکی ویب سائٹ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق یہ تحقیق اسرائیل کے ویزمین انسٹیٹیوٹ آف سائنس کی جانب سے کی گئی ہے۔

تحقیق میں ماہرین نے بتایا کہ انسانی آنسوؤں میں پائے جانے والے ایک کیمیائی مرکب سے ایک سگنل خارج ہوتا ہے جو مردوں کے دماغ کے ان مخصوص حصوں کی سرگرمی میں کمی لاتا ہے جس  سے  غصہ آتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق محققین نے تحقیق کے لیے خواتین کو ایسی جذباتی کہانی پر مبنی ایک فلم دکھائی جسے دیکھتے ہوئے وہ رونے لگیں، اس دوران ان کے آنسوؤں کو جمع کرلیا گیا۔

دوسری جانب 31 مردوں کو ایک کمپیوٹر گیم کھیلنے کا کہا گیا، اس گیم کو غیر منصفانہ طور پر پوائنٹس کاٹ کر مردوں کو غصہ دلانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مردوں کے اس گروپ کو گیم کھیلتے ہوئے غصہ آیا تو ان میں سے کچھ مردوں کو نمکین محلول اور کچھ مردوں کو خواتین کے جمع کیے ہوئے آنسو سونگھائے گئے، تحقیق کے دوران یہ نتیجہ سامنے آیا کہ جن مردوں کو خواتین کے جمع کیے ہوئے آنسو سونگھائے گئے ان کے غصے اور جارحیت میں 43.7 فیصد کمی ظاہر ہوئی۔

یہ نتیجہ سامنے آنے کے بعد ان مردوں کے دماغ کا سٹی اسکین کرایا گیا تو یہ انکشاف ہوا کہ آنسو سونگھنے والے مردوں کے دماغ کے کچھ مخصوص حصے کی سرگرمی آنسوؤں کی بو سے کم ہوئی جو کہ انسان میں غصے اور جارحیت کی وجہ بنتی ہے۔ 

کیا یہ کیمیائی سگنلز بچوں اور مردوں کے آنسوؤں میں بھی ہوتے ہیں؟

محققین نے مردوں اور بچوں کے آنسوؤں میں بھی ایسے ہی کیمیائی سگنلز کی موجودگی کی پیشگوئی کی ہے جو اُنہیں خواتین کے آنسؤوں میں سے ملے۔

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

محققین نے یہ بھی بتایا کہ چھوٹے بچے جو بول نہیں سکتے وہ ہمیشہ اپنے والدین کے غصے کو رو کے کم کرتے ہیں۔

تحقیق میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ رونا انسان کا ایک ایسا رویہ ہے جسے جوانی میں شدت پسندی یا غصے کو کم کرنے اور ایسی صورتحال میں جب انسان خود کو سامنے والے سے کمزور محسوس کرے تو اپنی حفاظت کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

Loading