رمضان کا مہینہ ہمیں اپنے نفس کو قابو میں رکھنے اور اللہ کی عبادات میں زیادہ وقت گزارنے کا درس دیتا ہے۔علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی
ایتھنز یونان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ ۔۔۔انصر اقبال بسراء)یورپ بھر کی طرح یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا۔ یونان بھر میں مسلمانوں نے مساجد، ہوٹلوں اور مختلف اسلامک سنٹرز میں پہلا روزہ افطار کیا۔ منہاج القران انٹرنیشنل یونان کے تحت مرکزی اسلامک سنٹر اور دیگر اسلامک سنٹرز میں افطار ڈنر اور روحانی محافل کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر روزہ داروں کو روایتی کھانوں، سموسوں اور پکوڑوں سے تواضع کی گئی۔
رمضان کی آمد پر روحانی محفل میں مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا، جس کے بعد ثناخوانوں نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے اپنے خطاب میں رمضان المبارک کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ مہینہ اللہ کی طرف سے ایک عظیم تحفہ ہے، جو ہمیں اپنے گناہوں سے توبہ کرنے اور اپنے دلوں کو پاک کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے روزے نہ صرف جسمانی پیاس اور بھوک کی حالت میں رکھتے ہیں، بلکہ یہ ہمارے اندر روحانی صفائی، تقویٰ اور خدا کی رضا کی جستجو پیدا کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں،آخر میں، صدر منہاج القران یونان، ارسلان خرم چیمہ نے روزہ داروں کا شکریہ ادا کیا اور بعد ازاں نماز تراویح کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا۔