Daily Roshni News

عمران خان نے توشہ خانہ کیس سے متعلق نیب کو خط لکھ دیا

لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے توشہ خانہ کیس سے متعلق نیب کوخط لکھ دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے نیب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہےکہ توشہ خانہ تحقیقات سے متعلق میں آج نیب آفس میں پیش نہیں ہوسکتا، میری جان کو خطرات لاحق ہیں جس کے باعث انکوائری رپورٹ لینے آج نیب دفتر نہیں آسکتا۔

خط میں کہا گیا ہےکہ میں نے لاہور سے اسلام آباد آمدورفت کو آج کل محدود کر رکھا ہے، 19 جولائی کو مختلف عدالتوں میں پیش ہونے اسلام آباد آؤں گا اس لیے توشہ خانہ تحقیقات سے متعلق شامل تفتیش ہونےکی تاریخ 19 جولائی مقررکردیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہےکہ نیب آرڈیننس کے مطابق انکوائری رپورٹ ملزم کی جانب سے وصول کرنا ضروری نہیں، میرے وکیل گوہر علی خان کو انکوائری رپورٹ لینےکی اجازت دی جائے، 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کی رپورٹ بھی میرے وکیل نے نیب سے لی جو میں چھوڑ آیا تھا۔

عمران خان کی طلبی

نیب نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو آج صبح 10 بجے طلب کیا تھا۔

نیب کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا تھاکہ ثبوتوں اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں انکوائری انویسٹی گیشن میں تبدیل کردی گئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Loading