Daily Roshni News

غزل۔۔۔محسن احسان کی یاد میں

محسن احسان کی یاد میں

اس شہر بے مثال کا دلبر چلا گیا

محسن تھا نام جس کا سخنور چلا گیا

خاطر،  رجا ، فراز سے جا کر وہ مل گیا

یاروں کا یار،حسن پشاور چلا گیا

تھا کیش جس کا درس اخوت تمام عمر

وہ پیار کا سفیر و پیمبر چلا گیا

اس کے سخن تھے سارے سخن ہائے “ناتمام”

ہاں فکر ناشنیده” کا محور چلا گیا

وہ نار سیده  مٹی کی مہکار” کا شاعر

آفاق فکر و فن کا تھا اختر چلا گیا

یاد اس کی دوستوں کے لئے” ناگزیر “ہے

وہ” اجمل و اکمل “ کا سخنور چلا گیا

جس کی لغت میں لفظِ  عدو کا نہ ذکر تھا

وہ انگبیں مزاج ‘وہ خوشتر چلا گیا

بچھڑے ہوئے یاروں کے لئے دل گرفتہ، وہ

 تھا آبروئے شہر پشاور ‘ چلا گیا

کوزے میں شاعری کے جو دریا سمیٹ لے

 بحر سخن کا ایسا شناور چلا گیا

 رو کو اسے کہ اب کے نہ آنے پہ ہے بضد

 اے اہل شہر، فخر پشاور چلا گیا

Loading