Daily Roshni News

غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں اضافہ، ایک بار پھر اسپتالوں کا محاصرہ کرلیا

غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ مسلسل چار ماہ سے جاری ہے،  اسرائیلی فوج نے غزہ میں اپنی وحشیانہ کارروائیاں تیز کرتے ہوئے خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس اور ال امل اسپتال کا محاصرہ کرلیا جبکہ الخیر اسپتال کے طبی ارکان کو بھی یرغمال بنا لیا گیا ہے۔

اسرائیلی جنگی طیاروں سے غزہ  پٹی کے علاقے رفح سمیت خان یونس کے بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں اور دیگر رہائشی علاقوں پر شدید بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ شہر کے الرمل محلے میں رہائشی اپارٹمنٹ پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں متعدد افراد شہید جبکہ کئی زخمی ہو گئے اور شہر میں یرموک مارکیٹ میں ایک کار پر حملے کے نتیجے میں بھی تین افراد شہید ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسوں کو بھی غزہ شہر اور اس کے شمال میں بمباری سے متاثرہ علاقوں تک پہنچنے سے روک دیا ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی گاڑیاں جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کی طرف پیش قدمی کی کوشش کر رہی ہیں، جہاں کئی دنوں سے فلسطینی دھڑوں اور اسرائیل کی مسلح افواج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، حماس کے جوابی مزاحمتی حملوں میں مزید تین  اسرائیلی فوجی مارے گئے، اسرائیل کی جانب سے زمینی آپریشن میں اب تک 200 فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی۔

دوسری جانب اسرائیلی پارلیمنٹ کے اجلاس میں یرغمالیوں کے اہلخانہ کے احتجاج اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے حماس کے ساتھ معاہدے کے مطالبے کے علاوہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ اجلاس میں بھی اسرائیل پر مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے زور دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 25 ہزار 474 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ سفاکانہ صیہونی حملوں میں اب تک 62 ہزار 681 افراد زخمی ہو چکے ہیں، شہید اور زخمی فلسطینیوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔

Loading