Daily Roshni News

مجلس ایصال ثواب برائے وقار حیدر مرحوم مولانا سید اسرار حسین گیلانی کا علمی  فکری خطاب

دی ہیگ، مجلس ایصال ثواب برائے وقار حیدر مرحوم

مولانا سید اسرار حسین گیلانی کا علمی  فکری خطاب ، پاکستان ،

ایران ، ترکی، انڈیا ، عراق اور افغانستان کے مومنین کی شرکت!!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔رپورٹ۔۔۔محمد جاوید عظیمی ۔۔۔تصاویر۔۔۔خالد سلطان) دی ہیگ کی جانی پہچانی شخصیت اور پاکستانی کمیونٹی  میں ایک خاص مقام رکھنے والے کاظم حسین کے جوان صاحبزادے محمد وقار حیدر ایک سال قبل طویل علالت کے بعد رحلت فرما گئے تھے۔ بروز اتوار 11فروری 2024کو مرحوم کی پہلی برسی کی تقریب محفل علی دی ہیگ میں منعقد کی گئی، جس میں  پاکستان ، ایران ، ترکی، انڈیا، عراق اور افغانستان سے تعلق  رکھنے والے مومنین نے بھرپور کثیر تعداد میں شریک  ہوئے۔ مذکورہ تقریب کا آغاز  قرآن خوانی سے ہوا جبکہ مختلف  ممالک سے تعلق رکھنے والے حفاظ کرام   اور قاری حضرات نے اپنے اپنے مخصوص انداز اور  میٹھے لحن میں تلاوت قرآن کرنے کی سعادت بھی حاصل کی جس سے محفل میں روحانی کیف طاری ہو گیا۔

متذکرہ مجلس ایصال ثواب کی تقریب کے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے مولانا سید اسرار حسین گیلانی نے  کہا کہ موت کی کئی اقسام ہیں اور پھر رب کائنات کی آفاقی آخری مقدس کتاب قرآن مجید فرقان حمید میں کل نفس ذائقتہ الموت کا حقیقی   پیغام دیا گیا ہے، ہم جسے موت کہتے ہیں درحقیقت یہ انتقال ہے یعنی عالم ناسوت سے عالم ارواح میں منتقل ہونا ہے اس سلسلے میں انھوں نے کئی دلائل بھی پیش کئے ۔ ایک موقعہ پر   مولانا سید اسرار حسین گیلانی نے سید الشہد اء حضرت امام حسین علیہ السلام کے 28رجب کو  اپنے نانا رسول محتشمﷺ کے شہر مدینہ کو چھوڑنے کے تکلیف دہ لمحات پر تفصیلی روشنی ڈالی جس سے آپ خود اور شرکائے مجلس بھی آبدیدہ ہو گئے۔ واقعہ کربلا کا تذکرہ کرتے ہوئے حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کی شہادتوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اجتماعی دعا میں محمد وقار حیدر مرحوم کی مغفرت بخشش کے لئے اللہ تعالیٰ کے  حضور خصوصی مناجات پیش کیں۔

اجتماعی دعا کے بعد مرحوم کے والد کاظم حسین کی جانب سے حاضرین کی تواضع نیاز سے کی گئی۔ اس دعائیہ تقریب میں سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن محترم محمد واصف صاحب بھی شریک ہوئے جبکہ  اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی ، مینجنگ ڈائریکٹر میاں عاصم محمود اور خالد سلطان خان نے شرکت اور تقریب کی کوریج میں بھی محنت شاقہ  سے  اہم کردار ادا کیا۔

Loading