Daily Roshni News

محترمہ سیدہ سعیدہ خاتون۔۔۔خواتین کے لئے مثالی کردار ہیں آپ خواتین کو گھریلو معاشرتی، روحانی ذمہ داریاں نبھانے کے لئے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔۔۔ بحوالہ ۔۔۔روحانی ڈائجسٹ مارچ2024

محترمہ سیدہ سعیدہ خاتون

خواتین کے لئے مثالی کردار ہیں آپ خواتین کو

گھریلو معاشرتی، روحانی ذمہ داریاں نبھانے کے لئے

رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔

بحوالہ ۔۔۔۔۔۔روحانی ڈائجسٹ مارچ2024

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل موجودہ دور میں خواتین کی روحانی صلاحیتوں کا اور روحانی مشن کی خدمت کرنے والی خواتین کا ذکر ہوگا تو وہاں پاکستان سے انگلستان میں جابسنے والی خدادا صلاحیتوں کی حامل ایک محترم خاتون، محترمہ سعیدہ باجی کا نام یقینا لیا جائے گا۔

سعیدہ خاتون نومبر 1938ء میں ناگپور کے ایک سادات گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد محترم سید نظام علی نے حضرت بابا تاج الدین ناگپوری رح کادور پایا۔

ایک روز ان کے والد ناگپور کے ایک بازار میں تھے کہ اچانک وہاں بابا تاج الدین رح کا گذر ہوا، بابا صاحب کے ہاتھوں میں کیلوں کا ایک گچھا تھا، بابا تاج الدین غیر متوقع طور پر سید نظام علی کے قریب آئے اور

کیلے کا یہ گچھا ان کی طرف بڑھایا اور اپنے مخصوص انداز میں فرمایا لے کھالے!…. تیری اولاد نیک ہوگی ….

اللہ تعالی نے نظام علی کو دو صاحب زادوں اور سات صاحب زادیوں سے نوازا۔ سعیدہ باجی کا نمبر بہنوں میں چوتھا تھا۔ بعد میں یہ خاندان پاکستان آگیا۔ سید نظام علی کی صاحب زادی سعیدہ انٹر میں زیر تعلیم تھیں کہ عبدالحفیظ بٹ صاحب کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ 1960ء کے اوائل میں یہ میاں بیوی برطانیہ کے شہر مانچسٹر چلے گئے۔

سعیدہ باجی اپنے نام کی طرح ایک سعید روح تھیں۔ آپ والدین کے لئے صالح بیٹی، بڑے بہن بھائیوں کے لئے فرمان بردار بہن اور چھوٹوں کے لئے سراپا محبت ہستی تھیں۔

سعیدہ خاتون کو بچپن ہی سے اللہ سے قربت اور غیب کی دنیا کے حقائق جاننے کی جستجو رہی…. اس جستجو اور شوق کی تکمیل کے لئے راستے بھی کھلتے چلے گئے …. روحانی حواس بیدار ہوئے تو ان پر نئے نئے راز کھلنے لگے ۔ سعیدہ خاتون جو محسوس کر تیں اُسے قلم بند کر لیا کرتیں۔ سعیدہ باجی کی واردات و کیفیات روحانی ڈائجسٹ  میں شائع  ہونا شروع ہوئیں …. یوں روحانی ڈائجسٹ  کے قارئین کے ساتھ سعیدہ خاتون کا قلمی تعلق بن گیا۔

سعیدہ باجی نثر و نظم میں منفرد انداز کی حامل تھیں۔ آپ کے مضامین، واردات و کیفیات، سفر نامے، کہانیاں روحانی ڈائجسٹ میں شائع ہونے کے بعد کتابی صورت میں بھی شائع ہوئے۔

حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی نے 1983ء میں سعیدہ باجی کو مانچسٹر انگلینڈ میں مراقبہ ہال کا نگراں مقرر کیا، سعیدہ خاتون کی نگرانی میں انگلینڈ کے دیگر شہروں میں بھی سلسلہ عظیمیہ کے اراکین روحانی مشن کی خدمات انجام دےرہے تھے۔

محترم سعیدہ باجی 23 مارچ 2003 برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں انتقال کر گئیں۔ سعیدہ باجی کے انتقال سے خاص طور پر برطانیہ میں مقیم عظیمی بہن بھائی بہت محبت کرنے والی بہن ،ماں جیسی شفیق ہستی کے سایہ عاطفت سے محروم ہوئے۔

سعیده خاتون !…. خصوصاً خواتین کے لیے ایک ایسا مثالی کردار ہیں جو خواتین کو رہنمائی فراہم کرتا ہے کہ ایک عورت اپنی گھریلو اور معاشرتی ذمہ داریوں کے ساتھ روحانی اور دنیاوی تقاضوں کو کس طرح متوازن اور معتدل انداز میں پورا کر سکتی ہے۔

بحوالہ :- روحانی ڈائجسٹ مارچ 2024

Loading