Daily Roshni News

معروف  صحافی  جنید سلیم کے بھائی شمعون سلیم کی  ہالینڈ میں رحلت

معروف  صحافی  جنید سلیم کے بھائی شمعون سلیم کی  ہالینڈ میں رحلت

نماز جنازہ غوثیہ مسجد ایمسٹرڈیم میں ادا اور تدفین کا

مرحلہ بھی مکمل، سفارتخانہ پاکستان کے اسٹاف اور کمیونٹی کی شرکت .

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل۔۔۔رپورٹ۔۔۔ محمد جاوید عظیمی) وطن عزیز پاکستان کے معروف  صحافی اور ٹی وی اینکر جنید سلیم کے بھائی شمعون  سلیم عرصہ دراز سے ہالینڈ کے شہر ہارلیم میں مقیم تھے گزشتہ دنوں ان کا انتقال ہو گیا ۔ پاکستانی کمیونٹی سے رابطہ نہ ہونے کے باعث مرحوم کی لاش تین چار روز گھر میں پڑی  رہی ،

پولیس نے دروازہ توڑا تو معلوم ہوا کہ مرحوم کا انتقال ہو گیا ہےبعد ازاں ان کی میت کو جامع مسجد غوثیہ ایمسٹر ڈیم لایا گیا جہاں مذکورہ مسجد کے خادم اعلیٰ ملک مسعود الرحمن کلیامی  نے وصول کر کے غسل دیا اور نماز جنازہ کے انتظامات مکمل کروائے۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ سے ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد واصف اپنے اسٹاف جبکہ ڈیلی روشنی نیوز کے مینجنگ ڈائریکٹر میاں عاصم محمود کے ہمراہ چوہدری اقبال ، میاں عمران اور چوہدری بنارس علی نے اور ایمسٹر ڈیم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی ۔

اس کارخیر میں بھر پور حصہ لینے والے  متذکرہ مسجد کی انتظامی امور کی کمیٹی کے عہدیدار ملک مسعود الرحمن کلیامی نے بذریعہ ٹیلی فون ڈیلی روشنی نیوز کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی کمیونٹی کے حضرات جس ملک میں بھی  مقیم ہوں انھیں مساجد سے رابطہ رکھنا چاہیے اور ڈیتھ  کمیٹی  کا ممبر بھی ضرور بنیں تاکہ ایسا وقت آجائے تو اس سلسلے میں مشکلات کا  سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انھوں نے مزید بتایا کہ شمعون سلیم مرحوم کے بھائی معروف صحافی جنید سلیم نے سے تجہیز و و تکفین کے سارے اخراجات پاکستان سے ارسال کئے اور باقاعدگی سے بذریعہ ٹیلی فون رابطے میں رہے ۔ مسعود الرحمن کلیامی نے مزید کہا کہ اس سارے کار خیر کی تکمیل میں ایمسٹر ڈیم کی معروف شخصیت حاجی مشتاق احمد میری حوصلہ افزائی اور میری رہنمائی  کے لئے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

Loading