Daily Roshni News

ملک بھر میں انتخابی مہم کا وقت ختم، اشتہارات اور میڈیا تشہیر پر پابندی ہوگی

12 بجتے ہی ملک بھر میں انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہوگیا، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

8 فروری کو ہونے والے الیکشن کے لیے انتخابی مہم کا وقت ختم ہوتے ہی الیکشن مہم کے لیے اشتہارات اور دیگر تحریری مواد کی الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا پر تشہیر پر بھی پابندی ہوگی۔

واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات کیلئے ووٹنگ 8 فروری بروز جمعرات کو صبح 8 بجے شروع ہوگی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ 

 ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹ کے لیے اصلی شناختی کارڈ لازمی ہے ، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جاسکے گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 8 فروری 2024 کے انتخابات کے لیے چھپوائے گئے لگ بھگ 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل ہوگیا ہے۔

ادھر عام انتخابات کے لیے لاہور، قصور اور شیخو پورہ میں فوج تعینات کردی گئی ہے، پاک فوج کے دستے کوئیک رسپانس فورس کے طور پر الرٹ رہیں گے۔

حکام کے مطابق الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

ووٹنگ والے دن پولنگ اسٹیشن کے 400 میٹر کی حدود میں مہم پر پابندی عائد

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو پولنگ والے دن کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔

الیکشن کمیشن نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو انتخابات کے دن پولنگ اسٹیشن کے اردگرد 400 میٹر تک کسی بھی قسم کی مہم کی اجازت نہیں ہوگی۔

نیز اسی حدود میں ووٹرز کو قائل کرنے پر اور ان کو ووٹ ڈالنے اور نہ ڈالنے کی التجا کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

Loading