Daily Roshni News

نواز شریف لاہور جلسے کے اگلے روز عدالت میں پیش ہوجائیں گے: رانا ثنا اللہ

پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف وطن واپسی کے بعد مینار پاکستان پر جلسے کے اگلے روز عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے، پہلے مینارپاکستان پر جلسے سے خطاب کرکے ن لیگ کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے اس کے بعد اگلے دن عدالت میں پیش ہوجائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر ہی ن لیگ کے حتمی بیانیے کا اعلان کریں گے۔

خیال رہے کہ نواز شریف کی واپسی پر کسی  قانونی کارروائی کے حوالے سے نگران وزیر اعظم نے کہا تھا کہ نوازشریف کی واپسی سے متعلق قانونی رائے لی جائے گی، ان کی واپسی سے متعلق بہت سے قانونی پہلوؤں کو دیکھنا ہوگا، ہم جوکچھ بھی کریں گے وہ پاکستان کے قانون کے مطابق کریں گے۔

دوسری جانب رہنما مسلم لیگ ن خرم دستگیرکا کہنا تھا کہ نواز شریف ملک کی دو عدالتوں کی مرضی سے باہرگئے تھے، اب عدالت کی ہی مرضی سے واپس آئیں گے۔

اس سے قبل نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ نوازشریف کو عدالت سے ضمانت نہ ملی تو گرفتار کریں گے، میرے خیال میں نواز شریف خود بھی گرفتار ہونا ہی چاہیں گے، ایک ملزم کو جہاز سے گرفتار کرنے کیلئے کوئی بڑی فورس نہیں چاہیے ہوتی۔

وزیر داخلہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن )کے رہنما رانا ثنااللہ نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو ’حد سے تجاوز‘ قرار دے دیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما رانا ثنااللہ نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو ’حد سے تجاوز‘ قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ سرفراز بگٹی بیان دینے سے پہلے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں۔

بعد ازاں سرفراز بگٹی کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھاکہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سیاسی رنگ دیا گیا، نگران حکومت کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست میں واپس آنا چاہتے ہیں۔

Loading