Daily Roshni News

نیلو فر عباسی صلاحیتوں سے معمور فنکارہ

نیلو فر عباسی

صلاحیتوں سے معمور فنکارہ

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیو زانٹرنیشنل )جب جب پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈراموں کا ذکر ہوگا تو ایک قبول صورت، اعلیٰ تعلیم یافتہ، منفرد اور نیچرل انداز رکھنے والی محترمہ نیلوفر عباسی صاحبہ کا ذکر ضرور ہوگا۔ نیلوفر صاحبہ کا شمار اُن فنکاراٶں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی نیچرل اور بے ساختہ اداکاری سے عوام الناس میں پاٸے جانے والے اِس تاثر کو زاٸل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا کہ اداکاری صرف گلیمر کا نام ہے۔ محترمہ نیلوفر عباسی صاحبہ اپنے وقت کی ملکہ حُسن یا حسینہ عالم نہیں تھیں لیکن اُن کی اداکاری دیکھ کر بے ساختہ یہ کہا جاتا تھا کہ بھٸی یہ لڑکی تو ہمارے پڑوس میں رہتی ہے اور ابھی ایک گھنٹہ قبل ہی اس انداز میں بات کر کے گٸی ہے۔ گویا محترمہ نیلوفر صاحبہ مریخ یا کسی دیگر سیّارے کے بجاٸے زمین، اپنے محلّے اور معاشرے کی نمائندگی کرنے والی اداکارہ تھیں۔ اُردو زبان کی ترویج اور اسے مقبول اور ہردلعزیز بنانے میں عموماً ادبی اور صحافتی شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصيات کو کریڈٹ دیا جاتا ہے جبکہ حقيقت یہ ہے کہ اِس سلسلے میں تمام تر کریڈٹ پی ٹی وی کے اداکاروں اور اداکاراٶں کو جاتا ہے جن میں محترمہ نیلوفر صاحبہ کی جگہ صفِ اوّل میں ہے۔ ایک عام اور کم تعلیم یافتہ یا اَن پڑھ پاکستانی جِس کی مادری زبان اُردو نہیں ہے، کے دِل میں اردو زبان سے عقیدت اور محبت جمیل الدین عالی صاحب، رٸیس امروہوی صاحب وغیرہ جیسے کالم نویسوں کی شاہکار تحاریر کے بجاٸے ایک عام آدمی کی زبان میں بات کرنے والے اداکار یا اداکارہ کے روزمرہ انداز میں ادا کیٸے جانے والے ڈاٸیلاگز کی بدولت پیدا ہوٸی ہے۔ نیلوفر صاحبہ اُن لوگوں کی نماٸندگی کرتی ہیں جِن کی گفتگو سُن کر یا اداکاری دیکھ کر دِل سے بے اختیار آواز نکلتی ہے کہ تقسیمِ ہند کے وقت ہندوستان نے اپنے تمام کے تمام قیمتی ہیرے جواہرات پاکستان کی جھولی میں ڈال دیٸے۔

Loading