Daily Roshni News

ٹائٹینک کی جان لیوا سیر کی کہانی۔۔۔!!

ٹائٹینک کی جان لیوا

سیر کی کہانی۔۔۔!!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )ٹائٹینک ایک  برطانوی مسافر بردار بحری جہاز تھا جو 15 اپریل 1912 کو اپنے پہلے ہی سفر میں ایک برفانی تودے سے ٹکرا کر ڈوب گیا تھا۔  اس کے دو ہزار سے زائد مسافروں میں سے تقریباً پندر سو مسافر سمندر کی یخ بستہ لہروں کی نذر ہو گئے تھے۔  اس جہاز کا ملبہ 1985 میں کینڈا کے ساحل سمندر سے تقریباً 700 کلومیٹر دور  3800 میٹر کی گہرائی میں دریافت کیا گیا تھا۔

ٹائٹینک کے نام سے بہت کم لوگ واقف تھے لیکن 1997 میں جیمز کیمرون کی ہدائت کاری میں بنی فلم ٹائٹینک  نے اس کا نام زبان زد عام کر دیا تھا۔

اس جہاز کے ملبے کی دریافت کے بعد اس پر کافی تحقیق شروع ہو گئی تھی جو تاحال جاری ہے۔ اسی تحقیق کیلیے اوشن گیٹ نامی ایک کمپنی وجود میں آئی جو تحقیق کے ساتھ ساتھ لوگوں کو سیر بھی کراتی ہے۔  اسی سلسلے میں اوشن گیٹ کمپنی کی آبدوز ٹائٹن 18 جون 2023 کو شمالی بحر اوقیانوس میں ٹائٹینک کے ملبے کی طرف غوطہ لگاتے ہوئے لاپتہ ہو گئی تھی۔  اس آبدوز کی تلاش تاحال جاری ہے۔  

اس آبدوز کے پانچ مسافروں میں برطانوی تاجر ہمیش ہارڈنگ، پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد، ان کا نوعمر بیٹا سلیمان داؤد، فرانسیسی ایکسپلورر پال ہنری نارجیولیٹ اور اس جہاز کو چلانے والی کمپنی اوشن گیٹ کے سی ای او اسٹاکٹن رش شامل ہیں۔

کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق جہاز پر  سفر کرنے کی فیس اڑھائی لاکھ ڈالر تھی جو پاکستانی سات کروڑ سے زیادہ بنتی ہے۔ یہ کمپنی 2021 سے مسافروں کو مہم جوئی  کے کٹھن سفر پر لے جا رہی ہے۔

اس آبدوز کے  مسافروں کا مختصر تعارف یہ ہے ۔ ۔ ۔

ایکشن ایوی ایشن کے چیئرمین ہمیش ہارڈنگ:

ہارڈنگ ایکشن ایوی ایشن نامی کمپنی کے چیئرمین ہیں، جو فارچیون 100 کمپنیوں، بین الاقوامی کارپوریشنز، سربراہان مملکت اور تفریحی اور کھیلوں کی صنعتوں سے وابستہ لوگوں کو طیارے فروخت کرتی ہے۔  یہ ارب پتی برطانوی بزنس مین اپنے کاروبار کے علاوہ مہم جوئی کے بہت شوقین ہیں۔ اس کے پاس گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے ساتھ کئی اور ریکارڈز بھی ہیں، جن میں ہوائی جہاز کے ذریعے “دونوں جغرافیائی قطبوں کے ذریعے زمین کا تیز ترین چکر لگانا” بھی شامل ہے۔

شہزادہ داؤد اور ان کا بیٹا سلیمان داؤد:

اڑتالیس سالہ شہزادہ داؤدپاکستانی کمپنی داود ہرکولیس کے وائس چیئرمین ہیں۔ یہ ایک خاندانی کاروبار ہے جو ایک صدی سے زائد عرصے سے چل رہا ہے۔  شہزادداؤد اپنی بیوی اور دو بچوں سلیمان اور بیٹی علینا کے ساتھ یوکے کا رہائشی ہے۔ اس نے امریکہ کی فلاڈیلفیا یونیورسٹی سے  ٹیکسٹائل مارکیٹنگ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے اور برطانیہ

 کی بکنگھم یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی ہے۔

پال ہنری نارجیولیٹ:

 ٹائٹینک کا سب سے بڑا ایکسپلورر اور ماہر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس نے جہاز کے ملبے کی جگہ تک چھ مہمات کی قیادت کی ہیں۔ وہ ایک امریکی کمپنی کے ڈائریکٹر بھی ہیں جو ٹائیٹنک  کے ملبے سے متعلق تحقیق  کے حقوق کی مالک ہے ۔

اسٹاکٹن رش، اوشین گیٹ کے سی ای او:

رش مہم چلانے والی کمپنی  اوشن گیٹ کے سی ای او ہیں۔ رش جب انیس سال کا تھا تو وہ سب سے کم عمر  جیٹ ٹرانسپورٹ  کا پائلٹ بن چکا  تھا۔ رش نے پرنسٹن یونیورسٹی سے ایرو اسپیس انجینئرنگ میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی اور برکلے ہاس اسکول آف بزنس سے ایم بی اے کیا۔

(ایاز بٹ)

Loading