Daily Roshni News

ٹرمپ کا پیوٹن سے گفتگو کی خواہش کا اظہار، روسی صدر نےجیت پر مبارکباد کا پیغام دیدیا

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدرپیوٹن سے گفتگو کی خواہش کا اظہار کردیا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صدارتی الیکشن جیتنے کے بعد 70 سے زائد عالمی رہنماؤں سے بات ہوئی لیکن ابھی تک روسی صدر سے بات نہیں ہوئی، ان سے بات کرنے کا ارادہ ہے۔

بعد ازاں روسی صدر  ولادیمیر پیوٹن نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن جیتنے پر مبارکباد پیش کردی۔

روسی صدر  نے کہا کہ روس امریکا کے ساتھ تعلقات بحالی کیلئے تیار ہے، بال امریکا کے کورٹ میں ہے، ٹرمپ کی جانب سے روس سے تعلقات کی بحالی کی خواہش پر توجہ دینی چاہیے۔

صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے امریکا سمجھ لے گا کہ روس پر پابندیاں لگانے کی ضرورت نہیں اور ہماری سرحدوں پر تنازعات کیلئے اکسانے کا بھی فائدہ نہیں ہوگا۔

گزشتہ روز کریملن سے جاری ایک بیان میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد کا پیغام بھجوائے جانے سے متعلق کہا گیا تھا کہ ٹرمپ کو جیت پر مبارکباد دینے کے صدر پیوٹن کے کسی بھی منصوبے سے لاعلم ہیں۔

بیان میں کریملن کا کہنا تھا کہ امریکا روس کیلئے دشمن ریاست ہے جو یوکرین کی جنگ میں براہ راست اور بالواسطہ طور پر ملوث ہے۔

Loading