Daily Roshni News

پاکستانی خواتین کا مہمانوں کی آمد سے قبل گھر والوں کے لئے ہدایت نامہ!!

پاکستانی خواتین کا مہمانوں کی آمد سے قبل گھر والوں کے لئے ہدایت نامہ!!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )1. رات کے کھانے میں بریانی، کوفتے اور کباب ہیں کباب کم ہیں خبردار جو کسی نے کبابوں کی جانب ہاتھ بڑھایا. مہمان کہیں بھی تو مت کھانا.

کباب صرف مہمانوں کے لیے ہیں.

  1. بات سنیں اگر آپ نے مہمانوں کے سامنے میرے بچوں کی برائی کی تو میں نے آپ کے بہن بھائیوں کے بچوں کے کارنامے سنا دینے ہیں جب دیکھو بچوں کی برائیاں کرتے رہتے ہیں سب کے بچے ایسے ہی ہوتے ہیں سب آپ کی طرح اعلان نہیں کرتے پھرتے.
  2. آپ اپنی والدہ کو سمجھا دیجیے گا کہ میرے بھائی کی منگنی ٹوٹنے کا قصہ چٹخارے لے کر نہ شروع کر دیں ورنہ میں نے بھی جو پچھلے دنوں آپ کی بہن اور اس کی ساس کے درمیان جو گھمسان کا رن پڑا تھا، اس پہ پورا افسانہ سنا دینا ہے پہلے سے بتا رہی ہوں.
  3. میں نے میٹھا بنا کر فریج میں رکھ دیا ہے کولڈ ڈرنک کی بڑی بوتل بھی منگوا لی ہے اگر مہمانوں کی آمد سے قبل کسی نے کولڈ ڈرنک کی بوتل کھولی یا کسی نے میٹھے کے باؤل میں چمچ مارا تو سمجھ لو میری ریڈ لائن کراس کردی

( شوہر کو غصے سے گھورتے ہوئے)

یہ بات صرف بچوں کے لیے نہیں ہے بچوں کے اباجان بھی غور سے سن لیں.

  1. مہمان جاتے وقت پیسے دے کر جائیں تو لپک کر مت لے لینا ندیدوں کی طرح, پہلے دو تین بار انکار کرنا اور ان کے جاتے ہی مجھے دے دینا ہم نے بھی ان کے بچوں کو دینے ہوتے ہیں.
  2. مہمان اگر مٹھائی، چاکلیٹس یا کیک لائیں اور میں کھول کر سرو کروں تو اس پہ ٹوٹ مت پڑنا پچھلی بار بھی تم لوگوں نے ممانی کا کیک ان ہی کے سامنے منٹوں میں چٹ کرلیا تھا.
  3. مہمان اگر پڑھائی کے بارے میں سوال کریں تو گڑبڑا کر گھگھیا مت جانا اپنے ابا کی طرح بس کانفیڈنس سے کہہ دینا الحمدللہ اچھی جا رہی ہے زیادہ تفصیل بتانے کی ضرورت نہیں.
  4. آج بہت کام کرلیا ہے میں نے,کل میں نے کدو پکانے ہیں

خبردار جو کسی نے کھاتے وقت چوں چراں کی, ورنہ مجھ سے برا کوئی نہیں ہوگا. سمجھ گئے سب.

Loading