کائنات میں ہماری جگہ..؟
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوزانٹرنیشنل )جب آپ اپنے گھر کے پاس پارک میں ایک چکرلگاتے ہیں تو زیادہ سے زیادہ پانچ دس منٹ لگتے ہیں۔ اگر پارک بڑا ہو تو شاید پندرہ منٹ۔ مگر ذرا سوچیں، ہمارا سورج ایک بہت بڑے دائرے میں سفر کر رہا ہے، اور اسے اپنا یہ چکر مکمل کرنے میں 25 کروڑ سال لگتے ہیں! یہ چکر وہ اپنی کہکشاں ملکی وے کے گرد لگا رہا ہے، جس کا ہم سب حصہ ہیں۔
یہ کہکشاں اتنی بڑی ہے
کہ اگر روشنی، جو دنیا کی سب سے تیز چیز ہے،
اس کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک سفر کرے، تو اسے ایک لاکھ سال لگیں گے۔ اور روشنی کی رفتار کتنی ہوتی ہے؟ اتنی کہ اگر آپ ایک بٹن دبائیں اور روشنی چلے، تو وہ ایک سیکنڈ میں زمین کے گرد سات چکر لگا سکتی ہے! مگر پھر بھی، ملکی وے کو پار کرنے میں اسے ایک لاکھ سال لگیں گے۔ سوچیں، یہ کتنی وسیع ہوگی!
اب اگر آپ رات کے آسمان میں ستارے دیکھیں
تو جان لیں کہ ہمارا سورج ان میں سے صرف ایک ہے۔ ملکی وے میں ایسے 200 ارب سے زیادہ ستارے ہیں، اور ان کے گرد گھومنے والے سیارے تو اور بھی زیادہ ہیں۔ سائنسدان کہتے ہیں کہ ہماری کہکشاں میں تقریباً 3 کھرب تک سیارے ہو سکتے ہیں۔
اور اگر آپ کو یہ یہ حیرت انگیز لگ رہا ہے
تو سوچیں کہ ہماری نظر آنے والی کائنات میں
ایسی دو کھرب کہکشائیں موجود ہیں.. !
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ اگر کائنات اتنی بڑی ہے
تو ہم کتنے ہیں کہاں ہیں ہمارا کیا مقام ہے… ؟
یہ سچ ہے کہ ہم بہت چھوٹے ہیں،
لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم بے معنی ہیں۔ جیسے ایک چھوٹا سا چراغ اندھیرے میں روشنی پھیلا سکتا ہے، ہم بھی اپنی عقل، محبت اور نیکی سے اس کائنات میں روشنی پھیلا سکتے ہیں۔
تو آئیندہ جب بھی آپ آسمان میں چمکتے ستاروں کو دیکھیں، یاد رکھیں کہ آپ ایک بہت بڑی کہانی کا حصہ ہیں۔ اور یہ کہانی صرف کائنات کی نہیں، بلکہ آپ کی بھی ہے۔
اللہ ، آپ کو آسانیاں عطا فرمائے .
جاوید اختر آرائیں
7 مارچ 2025