Daily Roshni News

کرغزستان میں طلباء گروپوں میں لڑائی اور ہنگامہ آرائی، بلوائیوں کے پاکستانیوں سمیت غیرملکی طلباء کے ہاسٹلز اور اپارٹمنٹس پر حملے

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اورغیرملکی طلبہ میں ہنگامہ آرائی ہوگئی ہے، پاکستانی طلبہ بھی زد میں آگئے مشتعل کرغز طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے کردیے، متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین کے حملوں میں 3 پاکستانی طالب علموں کی ہلاکت ہو چکی ہے تاہم ان ہلاکتوں کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

مشتعل کرغز طلبہ کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں کے ہاسٹلز پر حملے کرکے توڑ پھوڑ کی گئی اور پاکستانی طالبات کو بھی ہراساں کیا جا رہا ہے جس پر پاکستانی طلبہ تشویش کا شکار ہوگئے ہیں۔

جیو نیوز سے خصو صی گفتگو میں پاکستانی طلبہ نے کہا کہ ہاسٹل میں لڑکوں اور لڑکیوں پر تشدد کیا گیا ہے، طلبہ نے پاکستان سفارت خانے کی جانب سے عدم تعاون کی بھی شکایت کی ہے۔

بشکیک میں میڈیکل کے پاکستانی طالب علم محمد عبداللہ نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے  بتایا کہ جھگڑا کرغز طالب علموں کی جانب سے مصری طالبات کو ہراساں کرنے پر شروع ہوا تھا،

محمد عبداللہ کے مطابق مصری طلبہ کی جانب سے کرغز طلبہ کے خلاف ردعمل کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے، کرغز طلبہ پورے بشکیک میں غیر ملکی طلبہ و طالبات پر حملے کر رہے ہیں۔

بشکیک میں مشتعل افراد کے طلبہ پر تشدد کی و یڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں تاہم جیو نیوز ان کی تصدیق نہیں کر سکتا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی طلباء پر حملوں کا نوٹس لیتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا اور پاکستانی سفیر کو تمام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ تقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانی طلباء اور دیگر شہریوں سے رابطے اور ان کی مدد کے لیے ایمرجنسی رابطہ نمبرز ( 00996555554476 اور00996507567667) بھی جاری کر دیے ہیں۔

کرغزستان میں پاکستان کے سفیر علی ضیغم کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک پاکستانی طلبہ گھروں پر  رہیں، ہم مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں، تمام پاکستانی طلباء کی حفاظت یقینی بنانےکےلیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

Loading