Daily Roshni News

کونڈوں کی بابرکت نیاز کے سالانہ دستر خوان کا اہتمام محفل علی دی ہیگ میں عقیدت و احترام سے کیا گیا،

کونڈوں کی بابرکت نیاز کے سالانہ دستر خوان کا اہتمام

 محفل علی دی ہیگ میں عقیدت و احترام سے کیا گیا

پاکستان کمیونٹی کے خواتین و حضرات کی بھرپور شرکت۔۔۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی  نیوز انٹرنیشنل۔۔۔رپورٹ۔۔۔جاوید عظیمی ۔۔۔عکاسی۔۔۔سید عامر  نقوی) امام باقر علیہ السلام کے صاحبزادے اور اماموں کے سلسلے میں ترتیب کے لحاظ سے چھٹے امام ، امام جعفر صادق علیہ  السلام کے  نام سے منسوب کونڈوں کی بابرکت نیاز  پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود آپ کے عقیدتمند ہر سال باقاعدگی سے اسلامی مہینے رجب المرجب کی  22ویں تاریخ کو عقیدت و احترام سے بابرکت دستر خوان کا اہتمام کرتے ہیں۔ امسال ہالینڈ کے شہر  دی ہیگ میں  بروز اتوار چار فروری 2024 کو محفل علی کے کشادہ ہا ل میں کونڈوں کی بابرکت نیاز کا وسیع  دسترخوان عقیدت و احترام سے بچھایا گیا۔ متذکرہ نیاز  کا اہتمام کرنے والی  تنظیم حسینی مشن دی ہیگ کی انتظامیہ سے وابستہ عہدیداران او ر ممبران سید عظمت شاہ، سید سہیل شاہ، سید اعجاز حسین سیفی ، مولانا  سیداسرار حسین حسنی ، سید عامر رضا نقوی، سید واجد علی شاہ، سید اسد علی نقوی، راجہ فاروق حیدر ، علی مرزا اور دیگر حضرات نیاز کے لئے آنے والے پاکستانی کمیونٹی کے خواتین و حضرات اور نوجوانوں کو عزت واحترام سے بابرکت نیاز پیش کرنے میں ہمہ وقت مصروف عمل رہے۔ ان تمام حضرات کی خدمات سے پاکستان کمیونٹی خوش نظر آئی اور آئندہ بھی اس سالانہ نیاز میں شرکت کرنے کا اعادہ کیا۔ آخر میں انتظامیہ  کے تمام متحرک حضرات نے نیاز کے لئے آنے والے خواتین و حضرات کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائیہ کلمات  بھی ادا کئے۔ یاد رہے اس بابرکت نیاز میں خواتین  کے لئے علیحدہ بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا جس  کے باعث  خواتین کی کثیر تعداد  نے نیاز میں شرکت کرکے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ اس بابرکت نیاز میں آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی اور ڈائریکٹر میاں عاصم محمود نے بھی  شرکت کے ساتھ کوریج کرنے میں بھی اپنی خدمات پیش  کیں۔

Loading