Daily Roshni News

کیا نواز شریف ڈوبے پاکستان کو نکال لیں گے

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔تجزیہ ۔۔۔شہزاد قریسی)پاکستان ہی نہیں امریکہ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں جیسے جیسے انتخابات کی تاریخ نزدیک آرہی ہے دھڑکنیں بھی تیز ہو رہی ہیں۔ پوری دنیا کا ووٹر انتخابات کا منتظر ہے جبکہ پوری دنیا کی معیشت پر گزشتہ سال جو اثرات پڑے ہیں ایک کرونا دوسرا روس یوکرائن جنگ جبکہ تیسرا اسرائیل غزہ جنگ نے پوری دنیا کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ دنیا کا ووٹرز منتظر ہے که شاید موجودہ سال کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے سیاستدان معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ دنیا بھر کا ووٹر مہنگائی کی زد میں ہے ۔ سب سے زیادہ دیکھا جانے والا انتخاب امریکہ کا ہوگا 81 سالہ بائیڈن دوبارہ صدارتی انتخابات کے امیدوار جبکہ روس صدر پیوٹن بھی صدارتی امیدوار کی دوڑ میں شامل ہیں پیوٹن مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ بھارت، بنگلہ دیش جنوبی افریقہ ، میکسیکو ، انڈونیشیا اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی عام انتخابات ہو رہے ہیں۔ اس طرح 2024 کو انتخابات کا سال قرار دیا جا سکتا ہے اور سیاست کے ساتھ معیشت مستحکم کرنے کا سال بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ دنیا کے موجودہ انتخابات نہ صرف سیاست بلکہ بین الاقوامی تعلقات عالمی اقتصادی اور مالیاتی منظر نامے کو بھی تبدیل کریں گے۔ پاکستان کی وزارت عظمی حاصل کرنے کے لئے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں شامل ہیں۔ جبکہ پی ٹی آئی اور مذہبی جماعتیں بھی اس دوڑ میں شامل تو ہیں مگر 8 فروری کے انتخابات میں عوام جو مہنگائی اور دیگر مسائل میں مبتلا ہیں کسی جماعت کو اکثریت میں کامیاب کریں گے اس کا فیصلہ بھی جلد ہو جائے گا۔ آصف علی زرداری سیاسی شطرنج کھیلنے کے ماہر ہیں مگر پنجاب میں شاید وہ کامیاب نہ ہو سکیں۔ پنجاب میں اب (ن) لیگ ہی نہیں پی ٹی آئی کا ووٹر بھی موجود ہے۔ بظاہر کوئی بھی سیاسی جماعت ملک بھر میں اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوگی ۔ مذہبی اور دیگر چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے میں کامیاب ہوگی۔ تادم تحریر ملک مالیاتی بحران کا شکار ہے دوسرے کئی مسائل کے گرداب میں پھنسا ہے۔ کیا بلاول بھٹو یا نواز شریف ان مشکل ترین حالات جن میں پاکستان اور عوام پھنسے ہیں نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے؟ مسلم لیگ (ن) کا دعوی ہے کہ نواز شریف کے انتخابات جیتنے اور وزیر اعظم بننے کے امکانات قوی ہیں۔ کیا نواز شریف اندھیروں میں ڈوبے پاکستان اور عوام کو روشنیوں کی جانب لے جانے میں ایک بار پھر کامیاب ہو جائیں گے اگر ایسا ہے تو پھر ویلکم ٹو نواز شریف2024

Loading