Daily Roshni News

ہمارے اسلاف کی رمضان کی تیاری

ہمارے اسلاف کی رمضان کی تیاری

 ہالینڈ(ڈیلی روشنی  نیوز انٹرنیشنل )فاقہ کشی ، صبر و شکر اور اپنے نفس کو مارنے کی مشق اور عبادات میں اضافے کا ہتمام۔ہمارے لوگوں کی رمضان کی تیاری:~ بیسن ، مصالحے، دیسی گھی وغیرہ اکٹھے کرنا۔ سموسے پکوڑے، کچوریاں، دہی بھلے اور بریانیاں پکانے کی تیاری ، بسیار خوری کے اہتمام اور پھر اپنے اپنے کھابوں اور عبادات کی تصاویر اور وڈیوز پوسٹ کرنا۔

غیر مسلموں کو رمضان کا مقصد سمجھاتے ہوئے میں ان کو بتایا کرتا ہوں کہ جیسے کسی اہم مشن کے لیے کچھ عرصہ جفا کشی اور مشقوں کے مرحلے سے گزر کر مہارت حاصل کرنا پڑتی ہے ، اسی طرح رمضان کا مہینہ مسلمانوں کے لیے مشقوں کا مہینہ ہے کہ وہ زیادہ منظم، زیادہ تیار اور”ٹف” ہو جائیں تاکہ باقی کے گیارہ مہینے وہ رب کی اطاعت اور عبادت کے لیے تیار اور مستعد رہیں۔ گویا یہ ایک مہینہ خواہشاتِ نفسانی اور اپنی اناؤں کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔

اور جب میں غیر مسلموں کو یہ بتا کر پھر آج کے مسلمانوں کی جانب نظر کرتا ہوں تو وہ  پکوڑے سموے اور کچوریاں کھا کھا کر پھٹنے پر آئے ہوتے ہیں اور ان کی توندیں کھانوں کے خلاف  اعلانِ جنگ کر رہی ہوتی ہیں۔

اسلام کے نزدیک رمضان تقوٰی کو پروان چڑھانے کا مہینہ تھا جبکہ آج غیر مسلم لوگ مسلمانوں کو دیکھ کر سب سے پہلا تاثر یہی لیتے ہیں کہ رمضان طرح طرح کے پکوان اور خوردونوش کا مہینہ ہے۔

ہمارے مَردوں کے لیے یہی بہتر ہے کہ وہ اپنی عورتوں سے کھابے بنانے میں مستعدی کی بجائے اضافی عبادات، اضافی  دینی مطالعہ، عربی زبان سیکھنے، قرآن کی تفسیر اور سیرۃ  پر لیکچرز اور بچوں کی عمدہ دینی اسلوب پر تربیت کے طریقے سیکھنے کی توقع رکھیں اور حوصلہ افزائی کریں۔ صدقات میں اضافہ کریں تاکہ اس سے ایثار کا جذبہ پروان چڑھے۔

Loading