Daily Roshni News

یونان کشتی حادثےکو 7 روز مکمل، لاپتا افراد کے زندہ بچ جانے کی امیدیں دم توڑنے لگيں

یونان کشتی حادثے کو  7 روز  گزرجانے کے بعد  لاپتا افراد کے زندہ بچ جانے کی امیدیں دم توڑنے لگی ہیں۔

یونان کشتی حادثے میں ملک بھر سے اب تک 130 لاپتا افراد کی تصدیق کی جاچکی ہےجبکہ 92 متاثرہ فیملیز نے ایف آئی اے سے رابطہ کرلیا ہے۔

ایف آئی  اے سے رابطہ کرنے والی فیملیز میں  گوجرانوالا سے 51 ،گجرات سے38 اور لاہور کی 3 متاثرہ فیملیز شامل ہیں، ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گوجرانوالا ریجن کے لاپتہ افراد کی تعداد 111 ہو گئی ہے، گوجرانوالا ریجن کےلاپتہ افرادمیں زیادہ تعدادگجرات اور گوجرانوالا کےرہائشیوں کی ہے۔

 متاثرہ فیملیز کے ڈی این اے سیمپلز لیے جانے کا کام بھی جاری

دوسری جانب متاثرہ فیملیز کے ڈی این اے سیمپلز لیے جانے کا کام آج بھی جاری ہے،80افراد کے ڈی این اے نمونے لے لیےگئے ہیں ۔

ادھرکشتی حادثے کے حوالے سے  درج مقدمات کی تعداد 31 ہو گئی ہے ، 23 مقدمات ایف آئی اے تھانہ گوجرانوالا اور 8 گجرات میں درج کیےگئےہیں ،پولیس  نے گوجرانوالا،لاہور اور گجرات میں 24مقدمات درج  کرتے ہوئے 15 انسانی اسمگلروں کی شناخت کرلی ہے  جب کہ گوجرانوالا ریجن سے7 اور  آزاد کشمیر سے 11 ملزمان گرفتار کیا جاچکا ہے۔

کشتی میں 400 سے زیادہ مسافر سوار تھے 

اطلاعات کے مطابق کشتی میں 400 سے زیادہ مسافر سوار  تھے، یونان کشتی حادثے میں 150 پاکستانیوں کی گمشدگی کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ مزید 2 مسافروں کی لاشیں ملنے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 80 ہوگئی ہے، ہلاک ہونے والے افراد کی قومیت سامنے نہیں آئی ہے۔

وزیر برائے اوور سیز پاکستانی ساجد طوری کا کہنا ہے کہ یونان حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی میتیں چارٹر فلائٹ سے پاکستان لائی جائیں گی، تدفین کا بندوبست اوور سیز کی وزارت کرے گی، جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے کا مرحلہ کئی ہفتوں پر مشتمل ہوسکتا ہے۔

حادثے میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ بے بسی کی تصویر بنے غم سے نڈھال ہیں اور گھر لوٹنے کی آس میں اپنے پیاروں کے منتظر ہیں۔

Loading