Daily Roshni News

★ کونڈے کی نیاز کی حقیقت ★★

ایامِ عطائے غوثیت کبریٰ امام جعفر الصادق علیہ السلام سب احباب کو مبارک۔

★ کونڈے کی نیاز کی حقیقت ★★

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )22 رجب المرجب امام جعفر صادق علیہ السلام کی نیاز۔

ہجری 122 رجب کی 22 تاریخ کی رات، یعنی 21 کا دن گزار کر 22 کی رات بوقت نمازِ تہجد،

اللہ تعالیٰ نے سیدنا امام جعفر صادق علیہ السلام کو مقامِ غوثیت کبریٰ عطا فرمایا۔

صبح 22 رجب کو آپ نے اللہ تعالیٰ کی جانب سے یہ عظیم نعمت ملنے پر بطور شکر ادا کرنے کے لئے نیاز کروائی، جو دودھ اور چاول ملاکر بنائی گئی جسے ہم کھیر کہتے ہیں۔

آپؑ خاندان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چشم و چراغ تھے۔ آپکے گھر میں ٹوٹی چٹائی اور مٹی کے برتن ہی تھے اسی پر آپ شاکر و صابر تھے۔ آپ نے مٹی کے پیالے میں نیاز رکھ کر اپنے دوست و احباب کو بلا کر فرمایا کہ : آج رات اللہ تعالیٰ نے مجھے مقامِ غوثیت کبریٰ عطا فرمایا ہے، اسی کا شکر ادا کرتے ہوئے یہ نیاز آپ لوگوں کو پیش کرتا ہوں۔

آپ کے صاحب زادے امام موسیٰ کاظم علیہ السلام اور آپ کے دیگر مصاحبین نے پوچھا کہ : اس میں ہمارے لئے کیا فائدہ ہے۔؟؟

آپ نے فرمایا کہ : رب کعبہ کی قسم اللہ تعالیٰ نے جو نعمت مجھے عطا فرمائی ہے جس کا میں شکر ادا کرتا ہوں نیاز کی شکل میں، اسی طرح اسی تاریخ میں جو بھی شکر ادا کریگا اور ہمارے وسیلے سے دعا مانگے گا تو اللہ تعالیٰ اسکی مراد ضرور پورا فرمائے گا اور دعا ضرور قبول ہوگی، کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنے شکر گزار بندوں کو مایوس نہیں کرتا۔

امام جعفر صادق علیہ السلام کے پڑپوتے سیدنا امام حسن عسکری علیہ السّلام سے کچھ دشمن اہل بیتؑ نے سوال کیا کہ : ”جب ہمارے گھر میں پیتل ، تانبے کی بہترین برتن موجود ہے تو مٹی کے کنڈوں کی کیا ضرورت ہے؟؟“

آپ نے فرمایا کہ : ہمارے نانا جان محمد رسول الله صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت ہے مٹی کے برتن میں کھانا۔ آج مسلمانوں نے ہمارے نانا جان کی سنت کو ترک کر دیا ہے۔ ہم نے اس نیاز کو مٹی کے پیالوں میں اس لئے ضروری قرار دیا تاکہ کم سے کم سال میں ایک مرتبہ ہی نانا جان کی اُمت مٹی کے کنڈوں میں نیاز کھا کر سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ادا کرے۔

نوٹ :– کونڈے کا نیاز 22 رجب المرجب کو ہی کریں۔ 22 رجب نہ ہی آپ کے وصال کی تاریخ ہے اور نہ ہی ولادت کی تاریخ ہے۔ بلکہ اس دن آپ کو ”مقامِ غوثیت کبریٰ“ عطا کی گئی تھی اسی خوشی میں ہم یہ نیاز کرتے ہیں۔

📚 حوالہ جات :

📕 منہاج الصالحین

✍🏻 سیدنا امام محی الدین ابن ابو بکر بغداد

📕 کشف الاسرار

✍🏻 سیدنا امام عبد اللہ بن علی اصفہانی

📕 مدام اسرار اہل بیت

✍🏻 سیدنا امام محمد بن اسماعیل متقی

📕 مخزنِ انوارِ ولایت

✍🏻 سیدنا امام برہان الدین عسقلانی

Loading