آئرلینڈ کے شہر گالوے میں ایک عظیم الشان میلاد النبیﷺ پروگرام کا انعقاد کیا گیا،
آئرلینڈ کے دور دراز شہروں سے عشاقان مصطفیؐ نے کثیر تعداد میں شرکت دعوت اسلامی برطانیہ کے مجلس شوریٰ کے رکن حاجی خالد عطاری کی خصوصی شرکت اور خطاب ۔
آئرلینڈ (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔وسیم بٹ ) آئرلینڈ کے شہر گالوے کے Ardilaun ہوٹل میں ایک عظیم الشان اور روح پر میلاد النبیؐ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈبلن ۔کارک ۔ لمرک ۔اتھلون اور گالوے کی مقامی کمیونٹی کے علاوہ دعوت اسلامی آئرلینڈ کے قائدین و کارکنان اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس پروگرام کے مہمان خصوصی دعوت اسلامی برطانیہ کے مجلس شوریٰ کے رکن حاجی خالد عطاری تھے ۔
پروگرام کا آغاز صلاح الدین نے تلاوت قرآن پاک سے کیا حضور نبی کریمؐ کے ساتھ بے پناہ محبت اور جذباتی وابستگی کا اظہار نعت خواں حضرات نے نبی کریمؐ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کر کے کیا جن میں شان الحق ۔محمد عدیل ۔صادق صدیقی ۔غلام مصطفیٰ۔ محمد کاشف ۔عبدالوہاب ۔ڈاکٹر ذیشان اور بچوں میں محمد صادق ۔حمزہ ۔عبدالرحمن اور بارک زئی تھے جس سے محفل پر ایک روحانی کیف و سرور چھا گیا بچوں نے فضا میں جھنڈے بلند کرتے ہوئے اللہ اکبر یا رسولؐ اللہ کہ فلک شگاہ نعرے لگائے تو ہال گونج اٹھا اور حاضرین پر کیف و مستی کی ایک عجیب کیفیت طاری ہو گئی ۔ جبکہ اس پروگرام کی نقابت کے فرائض گالوے سٹی دعوت اسلامی کے روح رواں ڈاکٹر رضوان صالح محمد نے ادا کیے ۔
حاجی عطاری اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبت رسولؐ ایمان کی شرط اولیں ہے جس کی تکمیل ذکر محبوبؐ کے بغیر ممکن نہیں جشن میلاد النبیؐ ذکر حبیبؐ کا بہترین واسطہ اور ذریعہ ہے ۔
حاجی خالد عطاری نے سیرت طیبہؐ پر پراثر خطاب کرتے ہوئے حضور نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج اگر امت مسلمہ حضور نبی کریمؐ کی غلامی کا پٹہ پھر سے اپنے گلے میں ڈال لے تو ہم پھر سے اپنی عظمت رفتہ کا وقار حاصل کر سکتے ہیں اس پر فتن دور میں اگر ہم اپنے اور بالخصوص اپنی نسلوں کے ایمان کی حفاظت چاہتے ہیں تو اس طرح کی محافل اور پروگراموں میں خود بھی کثرت سے آئے اور اپنے بچوں کو بھی لائے کیونکہ اس طرح کے اجتماعات نہ صرف ایمان کو تازگی بخشتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کو سیرت طیبہؐ سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن سب سے اہم جس امر کی ضرورت ہے جس سے ہمارے بچوں کے ایمان کی اخلاق کی کردار کی اور عقیدے کی حفاظت ہوگی اس کے لیے ہمیں یہاں مساجد کے علاوہ جامعات ۔سکول ۔مدارس اور تعلیمی ادارے قائم کرنا ہوں گے اس کے لیے یہاں کی مسلم کمیونٹی اپنا اہم کردار ادا کرے ۔
اس پروگرام کے چیف آرگنائزر راجہ مدثر نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام حاضرین اور بالخصوص حاجی خالد عطاری کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے یہاں تشریف لا کر نہایت مدلل علمی اور فکری خطاب سے ہمارے ایمان کی تازگی کا سامان کیا ۔
آخر میں تمام حاضرین نے حضور نبی کریمؐ کی بارگاہ اقدس میں کھڑے ہو کر درود و سلام کا نزرانہ پیش کیا ۔تمام عالم اسلام اور بالخصوص پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور حاضرین کی تواضع بہترین پاکستانی کھانوں سے کی گئی ۔
اس پروگرام کے انتظام و انصرام میں جن خاص شخصیات کا تعاون رہا ان میں ڈاکٹر صادق صدیقی ۔ ڈاکٹر رضوان ۔غلام مصطفیٰ ۔شمس اشرف ۔ یسینٰ طاہر ۔عدیل کربلائی ۔ ارشد شاہ ۔محمد عدیل ۔ عبدالرحمن ۔شعیب الرحمن ۔راجہ برادران اور دیگر شامل تھے ۔