Daily Roshni News

ارمغان نے مصطفیٰ کو گاڑی میں آگ لگاکر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا: کیس کا چالان منظور

کراچی: انسداد دہشتگردی عدالت نے مصطفیٰ عامرقتل کیس کا چالان منظور کرلیا۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مصطفیٰ عامر قتل کی تحقیقات جاری ہیں اور کیس سماعت کے لیے  ٹرائل کورٹ منتقل کردیا گیا ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالتوں کے منتظم جج نے کیس کا چالان منظور کرلیا جس میں کہا گیا ہےکہ ملزم ارمغان نے مصطفیٰ عامر کو تشدد کرکے زخمی اورگاڑی میں آگ لگا کرقتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

 پولیس کے مطابق مصطفیٰ عامر کے اغوا کا مقدمہ مقتول کی والدہ کی مدعیت میں درج ہے جب کہ قتل کیس کے  ملزمان ارمغان اور شیراز گرفتار  ہیں۔

یاد رہے کہ مصطفیٰ عامر کو 6 جنوری کو اغوا کیا گیا تھا اور پھر ایک ماہ بعد 8 فروری کو پولیس نے اس کی بازیابی کے لیے کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان مومن میں ایک بنگلے پر چھاپہ مارا تھا جس دوران پولیس پر فائرنگ بھی کی گئی تھی اور مقابلے میں ڈی ایس پی سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس نے ملزم ارمغان کو حراست میں لیا جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے شیراز کے ساتھ مل کر مصطفیٰ کو اسی کی گاڑی کی ڈگی میں ڈال کر حب لیجا کر جلا دیا تھا۔

Loading