استنبول، ترکیہ میں سجا بین الاقوامی ثقافتی فیسٹیول، دنیا کے 55 ممالک کی شرکت
استنبول ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔۔ نمائندہ خصوصی ۔۔۔۔۔۔ سید رضوان حیدر بخاری )ترکیہ کے شہر استنبول کے ساحلی علاقے بُیوک چکمجہ میں منعقد ہونے والا 26 واں بین الاقوامی کلچرل فیسٹیول شاندار رنگا رنگ تقاریب کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ فیسٹیول 8 روز جاری رہا جس میں دنیا بھر سے آئے ثقافتی طائفوں نے اپنے ثقافتی رقوص اور موسیقی پیش کر کے شائقین کو لطف اندوز کیا ۔
فیسٹیول کے دوران بین الاقوامی “الطن کوپرو” لوک ڈانس مقابلہ، روایتی موسیقی کی محفلیں، آرٹ نمائشیں، اور دستکاریوں کے اسٹالز عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ اس سال فیسٹیول میں 55 ممالک نے شرکت کی، جن کے فنکاروں نے اپنے اپنے ثقافتی لباس اور فنون سے ماحول کو مزید خوشگوار بنایا۔
اختتامی تقریب میں بُیوک چکمجے کے میئر نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیسٹیول نہ صرف ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے بلکہ سیاحت اور عوامی تعلقات میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مختلف قومیتوں کے لوگ ایک پلیٹ فارم پر اپنی ثقافت کا اظہار کرتے ہیں جو دنیا میں امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔
اختتامی تقریب میں شاندار آتشبازی، روشنیوں کا کھیل اور اجتماعی رقص نے شرکاء کو محظوظ کیا، جبکہ مقامی اور غیر ملکی فنکاروں نے اپنی پرفارمنس سے خوب داد سمیٹی۔ شہریوں اور سیاحوں نے فیسٹیول کو ایک یادگار اور ناقابلِ فراموش تجربہ قرار دیا۔